 | | | یوسف جیسے غیر معمولی کھلاڑی سے محروم ہونا ایک دھچکا ہوگا: لاسن |
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ جیف لاسن نے بیٹسمین محمد یوسف سے کہا ہے کہ وہ متنازعہ انڈین کرکٹ لیگ میں شمولیت کے اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کریں۔ یوسف، انضمام الحق اور عمران فرحت انڈین کرکٹ لیگ کھیلنے کا معاہدہ کر چکے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کر رکھا ہے کہ ایسا کرنے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ لاسن کا کہنا ہے: ’ایسے غیر معمولی کھلاڑی سے محروم ہونا ایک دھچکا ہوگا ۔۔۔ مجھے امید ہے وہ اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرینگے۔ وہ یقیناً اب بھی پاکستان کی کرکٹ کے لیے بہت اہم ہیں۔‘ سابق آسٹریلیوی فاسٹ بالر، انچاس سالہ جیف لاسن نے اسی ہفتے پاکستانی ٹیم کے کوچ کی ذمہ داریاں باقاعدہ طور پر سنبھالی ہیں۔ وہ پیر کو پاکستان پہنچے تھے اور آتے ہی ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہوگئے ہیں۔  | خوشی اور اعزاز  یہ میرے لیے خوشی اور اعزاز کی بات ہے کہ میں یہاں ہوں اور کھلاڑیوں سے مل رہا ہوں۔ کھلاڑیوں کا ولولہ بھی زبردست ہے اور وہ اچھی کارکردگی دکھانے کے خواہشمند ہیں  جیف لاسن |
لاسن نے اس بات کر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ آیا پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ فیصلہ درست ہے کہ انڈین کرکٹ لیگ کھیلنے والے کھلاڑیوں پر قومی ٹیم کے چناؤ کے وقت غور نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا: ’میرے لیے اس پر بات کرنا مناسب نہیں ہوگا ۔۔۔ میں کوچ ہوں کوئی ایڈمنسٹریٹر (منتظم) نہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ اس سے ان کی ذمہ داریوں پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ’یہ میرے لیے خوشی اور اعزاز کی بات ہے کہ میں یہاں ہوں اور کھلاڑیوں سے مل رہا ہوں۔ کھلاڑیوں کا ولولہ بھی زبردست ہے اور وہ اچھی کارکردگی دکھانے کے خواہشمند ہیں۔‘ |