ثقلین کا کریئر خطرے سے دوچار؟ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
قومی ہاکی کیمپ کے آغاز سے صرف تین دن پہلے کپتان ثقلین کے بنگلہ دیش روانہ ہونے کا مطلب یہ ہے کہ وہ منگل کو کیمپ میں موجود نہیں ہوں گے جس سے لگتا ہے کہ ان کا کریئر خطرے سے دوچار ہے۔ ایشین گیمز کی تیاری کے لئے پاکستانی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ منگل سے اسلام آباد میں شروع ہورہا ہے لیکن ورلڈ کپ کی ٹیم کے پانچ کھلاڑی لیگ کھیلنے ملک سے باہر چلے گئے ہیں۔ سہیل عباس اور وسیم احمد پہلے ہی پاکستان ہاکی فیڈریشن کی اجازت کے بغیر لیگ کھیلنے ہالینڈ جاچکے ہیں جبکہ کپتان محمد ثقلین اور دلاورحسین کو فیڈریشن نے بنگلہ دیشی لیگ کھیلنے کے لئے اجازت نامہ یا ’این او سی‘ بھی جاری کردیا ہے۔ دوسری طرف پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری اخترالاسلام کا کہنا ہے کہ این او سی کا مطلب اجازت نہیں ہے۔ ان کے مطابق تمام کھلاڑیوں کو دس اکتوبر کو کیمپ میں رپورٹ کرنا ہوگی ورنہ ایشین گیمز کے لئے ان کا انتخاب نہیں ہوگا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ چند روز قبل اخترالاسلام نے ہی یہ کہا تھا کہ غیرممالک میں لیگ کھیلنا کھلاڑیوں کا انفرادی معاملہ ہوتا ہے اور اس سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اخترالاسلام کے برعکس پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ذرائع یہ کہتے ہیں کہ لیگ کھیلنے والے تمام کھلاڑیوں کو دس اکتوبر کی بجائے کیمپ کے دوسرے مرحلے میں یکم نومبر کو رپورٹ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن محمد ثقلین کے بجائے ریحان بٹ کو مستقبل میں قیادت کی ذمہ داری سونپنے پر اصولی اتفاق کرچکی ہے۔ ریحان بٹ بھی لیگ ہاکی کھیلنے کا معاہدہ کرنے والے تھے لیکن موجودہ صورتحال کے پیش نظر انہوں نے اس کا ارادہ ترک کردیا۔ مبصرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ثقلین کو بنگلہ دیشی لیگ کا این او سی جاری کرکے فیڈریشن نے گیند ثقلین کے کورٹ میں ڈال دی ہے کیونکہ فیڈریشن کو پتہ ہے کہ وہ بروقت کیمپ میں نہیں آسکیں گے اور اسی بات کو بنیاد بناکر ثقلین کوگھر کا رستہ دکھا دیا جائے گا۔ محمد ثقلین نے ورلڈ کپ کے اختتام پر کوچ شہناز شیخ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور ٹیم کی خراب کارکردگی کی ذمہ داری ان پر عائد کی تھی تاہم فیڈریشن کے سخت نوٹس لینے پر انہیں معافی مانگنا پڑی تھی۔ | اسی بارے میں ثقلین کا بیان، جمالی کا رد عمل26 September, 2006 | کھیل ’ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی‘26 May, 2006 | کھیل ہاکی کوچ، ٹیم کی فٹنس کیلیئے فکرمند22 May, 2006 | کھیل شہناز شیخ ہاکی ٹیم کے نئے کوچ05 August, 2006 | کھیل ہاکی کے عالمی کپ کے لیئے انڈین ٹیم18 August, 2006 | کھیل ہاکی: جرمنی دوسری بار بھی چمپیئن 17 September, 2006 | کھیل شہناز شیخ ہی نئے ہاکی کوچ ہوں گے20 September, 2006 | کھیل ہاکی: پاکستان کی تاریخی شکست 25 July, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||