BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 19 August, 2006, 16:58 GMT 21:58 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
عالمی کپ: ٹیم کا اعلان، ثقلین کپتان

عالمی کپ کے لیئے محمد ثقلین کو ہاکی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی نے عالمی کپ کے لیئے پاکستان کی اٹھارہ رکنی ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے اور ایک بار پھر محمد ثقلین کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

سنیچر کو ایبٹ آباد میں ہونے والے ٹرائلز میں سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین خالد محمود اور کمیٹی کے ممبران حسن سردار، منظورالحسن اور اخترالاسلام نے کھلاڑیوں کا جائزہ لیا۔

گزشتہ ماہ ہسپانیہ میں ہونے والے چمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم میں عالمی کپ کے لیئے دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

خالد سلیم اور وقاص شریف سلیکٹرز کا اعتماد حاصل نہیں کر سکے ان کی جگہ محمد شبیر اور وقاص اکبر کو شامل کیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل ہاک فیڈریشن کی جانب سے تین بین الاقوامی میچز کھیلنے پر پابندی کے سبب محمد ثقلین کو چمپئنز ٹرافی کے لیئے کپتان نہیں بنایا گیا تھا اور بعد ازاں اخبارات میں عالمی کپ کے لیئے ٹیم کے کپتان کے بارے میں متضاد خبریں چھپتی رہیں اور سہیل عباس کو کپتانی کے لیئے مضبوط امیدوار قرار دیا گیا لیکن سلیکشن کمیٹی نے محمد ثقلین کو کپتان مقرر کر کے ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ کر دیا ہے۔ کپتان محمد ثقلین کا نائب ریحان بٹ کو بنایا گیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری اور سلیکشن کمیٹی کے رکن اخترالاسلام کا کہنا ہے کہ ٹیم اور کپتان کے انتخاب میں سلیکشن کمیٹی کے تمام اراکین کی مکمل رضا مندی شامل ہے۔

ٹیم کا ٹارگٹ عالمی کپ میں وکٹری سٹینڈ تک پہنچنا ہے

پاکستان کی ہاکی ٹیم کے چیف کوچ شہناز شیخ کے مطابق ٹیم کے انتخاب میں ان سے مشورہ کیا گیا ہے اور بہترین ٹیم چنی گئی ہے۔

پاکستان کی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ نے کہا کہ ان کا ٹارگٹ ہے عالمی کپ میں وکٹری سٹینڈ تک پہنچنا اور انہیں امید ہے کہ وہ اپنا ہی ٹارگٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

شہناز شیخ نے کہا کہ کھلاڑیوں نے کیمپ میں کافی اچھے طریقے سے تربیت کی ہے۔ٹیم مکمل طور پر فٹ ہے اور کھلاڑیوں میں اتحاد اور ہم آہنگی ہے۔

یاد رہے کہ چمپئنز ٹرافی میں ہالینڈ کے ہاتھوں دو کے مقابلے 9 گولوں سے شکست کے بعد کھلاڑیوں میں اختلافات کی خبریں بھی گردش کرتی رہی ہیں۔

عالمی کپ کے لیئے ٹیم کے کپتان محمد ثقلین نے کہا کہ ٹیم میں مکمل اتحاد ہے اور اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ’ ہم نے جارحانہ انداز میں تربیت کی ہے اور ہم اپنے ایشیائی انداز میں عالمی کپ میں کھیلیں گے۔ قوم ہماری گزشتہ ناکامیوں کو بھول جائے اور عالمی کپ میں ہماری جیت کے لیئے دعا کرے‘ ۔

 ٹارگٹ عالمی کپ میں وکٹری سٹینڈ تک پہنچنا ہے اور امید ہے کہ ٹیم کے کھلاڑی اپنا ٹارگٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے
کوچ شہناز شیخ

ثقلین نے کہا کہ عالمی کپ کے بعد ریٹائر ہونے کے بارے میں ابھی انہوں نے کچھ نہیں سوچا۔

پاکستان کی ٹیم 22 اگست کو جرمنی روانہ ہو رہی ہے جہاں وہ پہلے چار ملکی ٹورنامنٹ کھیلے گی اور پھر چھ ستمبر سے جرمنی ہی میں شروع ہونے والے عالمی کپ میں شرکت کرے گی۔

ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
سلمان اکبر، ناصر احمد، سہیل عباس، ذیشان اشرف، احسان اللہ خان، محمد عمران، عدنان مقصود، غضنفر علی، محمد ثقلین (کپتان)، دلاور حسین، وسیم احمد، ریحان بٹ (نائب کپتان)، عدنان ذاکر، شکیل عباسی، محمد شبیر، اخترعلی، محمد زبیر اور وقاص اکبر۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد