’میں ہاکی کا جان میکنرو نہیں‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد ثقلین کا نام آتے ہی ذہن میں ایک ایسے کھلاڑی کا خیال آتا ہے جس کی شہرت میدان میں حریف کھلاڑیوں کو زخمی کرنے کی ہے۔رابو بینک ٹرافی میں جنوبی کوریا کےکھلاڑی کو زخمی کرنے کی پاداش میں انہیں تین میچوں کی پابندی کا سامنا ہے جس کا اطلاق چیمپئنز ٹرافی میں ہوگا لیکن خود محمد ثقلین شدت کے ساتھ اپنے بارے میں قائم منفی تاثر کی نفی کرتے ہیں۔ محمد ثقلین کا کہنا ہے کہ ذرائع ابلاغ نے ان کی جو تصویر پیش کی ہے اصل صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے۔ وہ جارحانہ انداز میں کھیلنے والے کھلاڑی ضرور ہیں جو اپنے ملک کو ہارتا نہیں دیکھ سکتا لیکن وہ جان میکنرو کی طرح بد دماغ نہیں ہیں اور نہ ہی انہوں نے کسی کھلاڑی کو دانستہ زخمی کیا ہے۔ محمد ثقلین کہتے ہیں کہ وہ بھی انسان ہیں اور ان میں یقیناً خامیاں ہیں لیکن ان کے بارے میں کوئی بھی رائے قائم کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھا جائے۔ پاکستانی ہاکی ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ فیلڈ میں کم سے کم غلطیاں کریں کیونکہ اس کا اثر یقیناً ٹیم پر پڑتا ہے لیکن ہاکی بہت تیز کھیل ہے جس میں کھلاڑی گرتے بھی ہیں اور زخمی بھی ہوتے ہیں۔ اگر حالیہ مقابلوں کا جائزہ لیں تو امپائرنگ بہت زیادہ پاکستان کے خلاف رہی ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کے مقابلے میں یورپی کھلاڑی بہت زیادہ باڈی پلے اور رف کھیل کا مظاہرہ کرتے ہیں لیکن کارڈ پاکستانی کھلاڑیوں کو دکھائے جاتے ہیں۔ ثقلین انگلینڈ کے ڈیوڈ بیکھم اور رونی کی مثالیں دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ بیکھم ٹھنڈے مزاج کا کھلاڑی مشہور ہے لیکن سپینش لیگ میں اسے چار ریڈ کارڈ دکھائے گئے۔ رونی میدان میں جارحانہ مزاج کا کھلاڑی ہے جسے کئی مرتبہ کارڈ دکھائے جاچکے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہ منفی طرز عمل کے کھلاڑی ہیں۔ پاکستانی کپتان کےلئے آنے والے دن بہت اہم ہیں کیونکہ ایک جانب ٹیم کی عمدہ کارکردگی سخت چیلنج سے کم نہیں تو دوسری جانب ثقلین کو مثبت انداز اختیار کرنے کے وعدے کی پاسداری کرنی ہے یہ وعدہ انہوں نے خود اپنے آپ سے کیا ہے۔ |
اسی بارے میں ہاکی: ثقلین پر پابندی برقرار06 May, 2006 | کھیل ہاکی: ثقلین کی اپیل منظور09 December, 2005 | کھیل ثقلین پاکستانی ہاکی ٹیم کے نئے کپتان08 May, 2005 | کھیل ورلڈ کپ ہاکی شیڈول کا اعلان12 June, 2006 | کھیل ہاکی کوچ، ٹیم کی فٹنس کیلیئے فکرمند22 May, 2006 | کھیل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||