انگلینڈ نےانڈیا کو شکست دے دی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ممبئی میں انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں انگلینڈ نےانڈیا کو دو سو بارہ رن سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز برابر کر دی ہے۔ انگلینڈ نے انڈیا کو فتح کے لیئے 313 رن کا ہدف فراہم کیا تھا مگر آخری ٹیسٹ کے اختتامی دن انڈیا کی ٹیم کھانے کے وقفے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں سو رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی جانب سے شان یوڈل نے چار، اینڈریو فلنٹاف نے تین، جیمز اینڈرسن نے دو جبکہ ہوگارڈ نےایک وکٹ حاصل کی۔فلنٹاف کو ان کی آل راؤنڈر کارکردگی کی بنا پر مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ کھانے کے وقفے کے بعد انڈین بلے باز انگلش بالروں کے سامنے نہ ٹھہر سکے اور لنچ کے بعد کے ابتدائی اوورز میں ہی چار انڈین وکٹیں گر گئیں۔ انڈین کپتان راہول ڈراوڈ کھانے کے وقفے کے فوراً بعد پہلے ہی اوور میں فلنٹاف کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ ہو گئے۔انہوں نے نو رن بنائے۔
سچن تندولکر شان یوڈل کی گیند پر کیچ ہوئے جبکہ وریندر سہواگ جو کمر میں تکلیف کے سبب ابتداء میں بیٹنگ کرنے نہیں آئے تھے، بنا کوئی رن بنائے جیمز اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ مناف پٹیل انڈیا کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھےجنہیں شان یوڈل نے آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ہربھجن سنگھ اور مہندر دھونی بھی شان یوڈل کا شکار بنے تھے۔ اس سے قبل آخری دن انڈیا کی جانب سے وسیم جعفر اور نائٹ واچ مین انیل کمبلے نے اٹھارہ رن ایک کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تھی مگر مجموعی سکور میں صرف تین رن کے اضافے کے بعد انیل کمبلے میتھیو ہوگارڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ وسیم جعفر بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور جب بھارت کا سکور 33 پر پہنچا تو وہ دس کے انفرادی سکور پر فلنٹاف کا نشانہ بنے۔ یاد رہے کہ کھیل کے چوتھے دن انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 191 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس طرح اسے انڈیا پر 312 رن کی مجموعی برتری حاصل ہوئی تھی۔ انگلینڈ کی جانب سے کپتان اینڈریو فلنٹاف نے نصف سنچری بنائی جبکہ انڈیا کی جانب سے انیل کمبلے چار وکٹ لے کر نمایاں رہے۔
بھارت کی ٹیم: وسیم جعفر، وریندر سہواگ، راہول ڈراوِڈ (کپتان)، سچن تندولکر، یووراج سنگھ، ایم ایس دھونی (وکٹ کیپر)، عرفان پٹھان، ہربھجن سنگھ، انیل کمبلے، سریسناتھ، مناف پٹیل۔ انگلینڈ کی ٹیم: ایئن بیل، اینڈریو سٹراس، اویس شاہ، کیون پیٹرسن، پال کالنِگ وُڈ، اینڈریو فلنٹاف (کپتان)، گیرئنٹ جونز (وکٹ کیپر)، شان یوڈل، میتھیو ہوگارڈ، جیمز اینڈرسن، مونٹی پنیسر۔ |
اسی بارے میں انڈیا: فتح کے لیئے مزید295 رن درکار21 March, 2006 | کھیل انگلینڈ:150 رن کی مجموعی برتری20 March, 2006 | کھیل انڈین ٹیم مشکلات کا شکار19 March, 2006 | کھیل ’انگلینڈ کورفتارپر انحصارکرناچاہیے‘ 17 February, 2006 | کھیل ’یہ ایک شاندار کیریئر کا آغاز ہے‘14 March, 2006 | کھیل موہالی ٹیسٹ میں انڈیا کی فتح 13 March, 2006 | کھیل انیل کمبلے کی پانچ سو وکٹیں11 March, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||