ڈالمیا: پیشگی ضمانت کی اپیل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کرکٹ کنٹرول بورڈ آف انڈیا کے سابق چیئرمین جگموہن ڈالمیا نے گرفتاری سے بچنے کے لیے ممبئی کی عدالت میں پیشگی ضمانت کی اپیل داخل کی تھی جس کی سماعت دو دنوں کے لئے عدالت نے ملتوی کر دی ہے۔ بی سی سی آئی کے سابق چیئرمین ڈالمیا کے وکیل ستیش مانے شندے نے ممبئی ہائی کورٹ میں اپنے مؤکل کے لیے پیشگی ضمانت کی اپیل داخل کی تھی۔ جسٹس وی ایم کاناڈے نے اپیل پر سماعت کے دوران مزید دستاویزات کا مطالبہ کیا اور معاملہ کی سماعت کو تیئس مارچ تک کے لیے ملتوی کر دیا۔ سترہ مارچ کو ممبئی پولس نے ڈالمیا کے خلاف دھوکہ دہی، جعلسازی اور حساب میں خرد برد کے الزامات کے تحت کیس درج کیا تھا اور اس کی تفتیش ممبئی کرائم برانچ کی ذیلی شاخ اقتصادی جرائم سیل کے حوالے کر دی تھی۔ ڈالمیا کے وکیل ستیش مانے شندے نے بی بی سی اردو سروس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شک ہے کہ جس طرح دباؤ ڈال کر ایک چھوٹا سا معاملہ ممبئی کرائم برانچ کے حوالے کیا گیا ہے اس سے انہیں اندازہ ہو گیا تھا کہ آگے حالات مزید خراب ہوں گے اس لیے ان کے مؤکل کی جانب سے انہوں نے ضمانت کی اپیل داخل کی ہے۔ ایڈوکیٹ شندے نے بی سی سی آئی کے موجودہ چیئرمین شرد پوار پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈالمیا سے اس لیے ناراض ہیں کہ انہوں نے شرد پوار کو سن دو ہزار چار میں ووٹ نہیں دیا تھا اور اب وہ اس کا بدلہ لے رہے ہیں اور پوار مرکز میں وزیر ہونے کا اثر و رسوخ استعمال کر کے ان کے مؤکل کو پریشان کر رہے ہیں۔ شندے نے وضاحت کی کہ ابھی تک فنڈز کی آڈیٹنگ نہیں ہوئی ہے اور اس سے پہلے ہی ڈالمیا کے خلاف کیس درج کر دیا گیا۔
بورڈ کے خزانچی این سری نواسن نے ڈالمیا پر خرد برد کا الزام عائد کرتے ہوئے ڈالمیا کے ساتھ ساتھ سابق سکریٹری ایس کے نائر سابق خزانچی کشور رنگٹا، جیوتی باجپئی اور کشن چودھری کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا۔ ڈالمیا نے اسی وقت میڈیا میں بیان دیا تھا کہ پوار کا ایک نکاتی پروگرام انہیں پریشان اور بدنام کرنا ہے۔ ڈالمیا کے مطابق ان سے پہلے تمام کاغذات طلب کر لیے گئے۔ انہوں نے سب کچھ انہیں سونپ دیا۔ پھر ان سے ایک ہفتہ کے اندر جواب طلب کیا گیا اور مدت ختم ہونے سے قبل ان کے خلاف وجہ بتاؤ نوٹس جاری کر دی گئی۔ انہوں نے کلکتہ کی عدالت میں اپیل کی اور عدالت نے اس پر انہیں اسٹے دے دیا تھا جسے موجودہ چیئرمین نے کلکتہ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔ ہائی کورٹ نے اپیل منظور کر لی لیکن فیصلہ نہیں دیا ہے۔ ڈالمیا کے وکیل شندے کا کہنا ہے کہ جب وہاں بات نہیں بنی تو بورڈ نے ممبئی میں ان کے مؤکل کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی اور یہ سب ڈالمیا کو پریشان کرنے کی کوشش ہے۔ بی سی سی آئی دنیا کا سب سے امیر کرکٹ بورڈ ہے۔ | اسی بارے میں کراچی نے ڈالمیا کا دل جیت لیا15 March, 2004 | کھیل ڈالمیااپنے عہدوں سے مستعفی03 December, 2005 | کھیل ’میچ فِکسنگ ختم نہیں ہو سکتی‘17 March, 2004 | کھیل انڈین کرکٹ بورڈ کے نئے صدر 29 September, 2004 | کھیل کرکٹ بورڈ کے عہدیدار معطل09 October, 2004 | کھیل صدر کا انتخاب، حکمِ امتناعی جاری22 September, 2005 | کھیل شرد پوار بھارتی بورڈ کے نئے سربراہ29 November, 2005 | کھیل ڈالمیا پر مالی بے ضابطگیوں کے الزام21 February, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||