’ایسی وکٹ نہیں ہونی چاہیے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی ٹیم کے دھواں دار بیٹنگ کرنے والے اوپننگ بیٹس مین وریندر سہواگ کا کہنا ہے کا اگر چہ لاہور کی وکٹ بیٹس مینوں کے لیے تو زبر دست ہے جس میں بیٹنگ کرتے ہوئے بیٹس مین کو کوئی تکلیف نہیں ہوتی لیکن ایسی وکٹ نہیں ہونی چاہیے۔ سہواگ نے کہا کہ وکٹ ایسی ہو جس پر میچ نتیجہ خیز ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وکٹ سے تو لگتا ہے کہ پاکستان دفاعی حکمت عملی رکھتا ہے کیونکہ گزشتہ سیریز میں ملتان میں ہونے والے میچ کی پچ اچھی تھی اور ہم اس پچ پر جیت گئے تھے اسی لیے پاکستان نے اس بار اتنی بے جان وکٹ بنائی ہے۔ وریندر سہواگ نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کو لگتا تھا کہ اس وکٹ پر بھی ان کے بالر وکٹیں لے لیں گے لیکن پاکستان کے بالروں کی کارکردگی سکور بورڈ پر صاف دکھائی دیتی ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے بالرز نے تو کافی کھلا ڑیوں کو آؤٹ کر دیا جبکہ وہ تو ہماری کوئی وکٹ بھی نہ لے سکے۔ وریندر سہواگ نے تسلیم کیا کہ پاکستان کا چھ سو اناسی سکور ہمارے لیے پریشان کن تھا اور ہماری پہلی حکمت عملی تو یہ تھی کہ فالو آن سے بچا جائے اور پھر میچ ڈرا ہو جائے گا۔ وریندر سہواگ کے مطابق انہیں میدان میں کھیلتے ہوئے بالکل اندازہ نہیں تھا کہ انہوں نے اوپنگ بیٹس مین کا تیز ترین سنچری کا بھارتی ریکارڈ توڑا ہے یا وہ اور راہول کسی عالمی ریکارڈ کے نزدیک پہنچ گئے ہیں۔ سہواگ نے کہا کہ کم روشنی میں گیند نظر نہیں آتی اس لیے ہم اپنی وکٹ کا رسک نہیں لے سکتے تھے۔ پاکستان کے خلاف دوسری ڈبل سنچری بنانے والے سہواگ بہت پر اعتماد دکھائی دیتے تھے اپنی اور راہول ڈراوڈ کے اس طویل شراکت داری کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مثبت پارٹنر شپ تھی اور اس سے ہم اپنی مخالف ٹیم کو یہ پیغام دیتے ہیں کاہم یہاں ہارنے نہیں آئے اور اگر وہ ہمیں اچھی وکٹ دیں گے تو ہم جیت سکتے ہیں ۔ راہول ڈراوڈ کی اننگز کی تعریف کرتے ہوئے سہواگ نے کہا کہ راہول ڈراوڈ تیسرے نمبر کے بہترین کھلاڑی ہیں انہوں نے اوپنر کے طور پر بھی اچھا کھیلا لیکن اگلے میچوں میں ضروری نہیں کہ وہ اوپن کرنے کے لیے آئیں۔ لاہور ٹیسٹ کے پانچویں دن کے بارے میں سہواگ نے کہا کہ اب میچ نتیجہ خیز تو نہیں ہو سکتا اس لیے ہماری کوشش ہو گی کہ اور رنز بنائیں اور بیٹنگ پریکٹس کریں۔ پاکستان کے خلاف اپنی اچھی کارکردگی کے متعلق سہواگ کا کہنا تھا کا جب ہم دونوں ملک کھیلتے ہیں تو دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی خواہش ہوتی ہے کہ اپنی ٹیم کے لیے اچھا کھیلیں اور میری بھی یہی کوشش ہوتی ہے کہ اپنی ٹیم کو اچھا اوپنگ سٹینڈ دوں۔ |
اسی بارے میں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||