مناء رانا بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور |  |
 | | | پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی |
پا کستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے فیصل آباد میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے یہ ٹیم ان ہی پندرہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو لاہور ٹیسٹ میچ کے لیے چنے گئے تھے۔ پاکستانی ٹیم کے کوچ باب وولمر نے لاہور میں ہونے والے میچ میں جو گیارہ کھلاڑی میدان میں اتارے ان کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیم کا ’کمبی نیشن‘ بہت اچھا ہے۔ باب وولمر نے شعیب ملک کو بطور اوپنر کھلانے پر ہونے والی تنقید کو بھی بلا جواز قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ شعیب ملک میں اننگز اوپن کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف بھی بہت اچھے طریقے سے یہ کردار نبھایا۔ باب وولمر کے مطابق یہی ٹیم بہترین ممکنہ’ کمبی نیشن ‘ ہے باب وولمر کی ان باتوں سے اشارہ ملتا ہے کہ جیسے سلیکشن کمیٹی نے پندرہ کھلاڑیوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور ٹیم مینجمنٹ بھی لاہور ہی کے گیارہ کھلاڑیوں کو میدان میں اتارے گی۔ پندرہ رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ انضمام الحق، یونس خان ، محمد یوسف، عبدالرزاق، شعیب اختر، شاہد آفریدی، محمد سمیع، شعیب ملک، سلمان بٹ، رانا نوید الحسن، کامران اکمل، ارشد خان، دانش کنیریا، عمران فرحت اور محمدآصف۔ |