مناءرانا بی بی سی اردوڈاٹ کام، لاہور |  |
 | | | پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیز کی طرز پر سیریز کروائی جائیں گی |
بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا ہے کہ جنوبی ایشیا کے چاروں کرکٹ کھیلنے والے ممالک مل کر 2011 کے عالمی کپ کے لیے آئی سی سی کو بولی دیں گے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر شرد پوار نے کہا کہ ’ایسا نہیں ہے کہ یہ ممالک الگ الگ عالمی کپ کا انتظام نہیں کر سکتے، ہم سب یہ اہلیت رکہتے ہیں لیکن ان چاروں ملکوں کے عوام کرکٹ کا بہت شوق رکھتے ہیں اور اگر ایک ملک میں عالمی کپ کرکٹ کروایا جائے تو دوسرے ملکوں کے لوگ اتنے اہم اور دلچسپ مقابلوں سے محروم ہو جائیں گے‘۔ شرد پوار نے کہا کہ آج ان کے اور شہر یار خان کے درمیان ایک طویل ملاقات میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے معاملات طے ہوئے۔ شرد پوار نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ایشز کی طرز پر ہر دو سال بعد سیریز ہوا کرے گی اور دونوں ملک باری باری اس سیریز کی میزبانی کریں گے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان کسی غیر جانبدار مقام پر ہر سال پانچ ایک روزہ میچ بھی کھیلے جائیں گے۔ شرد پوار کے مطابق یہ مقامات ابوظہبی ، امریکی ریاستیں کیلیفورنیا اور نیو جرسی وغیرہ ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اس فیصلے کی وجہ یہ بتائی کہ یہ میچز ان ملکوں میں کروائے جائیں گے جہاں پاکستانی اور بھارتی شہری بہت زیادہ تعداد میں رہتے ہیں اور وہ یہ میچ دیکھ سکیں گے۔ اس کے علاوہ ان جگہوں میں کرکٹ کے کھیل کی ترقی ہو گی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان صرف قومی ٹیموں کے مقابلے ہی نہیں ہوں گے بلکہ فرسٹ کلاس ٹیموں کے علاوہ انڈر19 اور انڈر 17 ٹیموں کے مقابلے بھی ہوں گے۔پاکستان کی قائداعظم ٹرافی کی چمپیئن اور بھارت کی رانجی ٹرافی کی چمپیئن ٹیمیں ہر سال باری باری ایک دوسرے کے ملک میں کھیلنے جائیں گی۔ بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں 2006 میں دو ایک روزہ میچ کھیلیں گی جن کے مقامات کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔ ان میچوں میں سے پہلے میچ کی آمدنی کا پچھہتر فیصد حصہ پاکستان کے زلزلہ سے متاثرین کی امداد کے لیے ہو گا اور پچیس فیصد بھارتی زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے ہو گا جبکہ دوسرے میچ کی آمدنی دونوں بورڈ آپس میں بانٹیں گے۔ |