پاکستان اوپن: تھیری لنکو فاتح | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عالمی نمبر ایک اور عالمی چیمپئن فرانس کے تھیری لنکو نے پاکستان اوپن اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔ کراچی کے آصف نواز اسکواش کمپلیکس میں پرجوش شائقین کے سامنے کھیلے گئےفائنل میں انہوں نے پانچ گیمز کے سخت مقابلے کے بعد آسٹریلیا کے ڈیوڈ پامر کو شکست دیدی۔ اعلی معیار کے حامل اس میچ میں تھیری لنکو نے اپنے خوبصورت اسٹروکس درست لینتھ اور صبروتحمل کے ذریعے کامیابی حاصل کی۔ ڈیوڈ پامر کمر کی تکلیف کے باوجود آسانی سے ہارماننے کے لئے تیار نہیں تھے لیکن ان کی ہمت فیصلہ کن گیم میں جواب دے گئی۔ ایک گھنٹہ جاری رہنے والے اس دلچسپ فائنل کا اسکور گیارہ نو آٹھ گیارہ گیارہ ایک چار گیارہ اور گیارہ سات رہا۔ چیمپئن شپ کے ہر میچ میں تھیری لنکو کی کارکردگی متاثر کن رہی۔ شاہد زمان کے خلاف پانچ گیمز اور انتھونی رکٹس کے خلاف چار گیمز کے بعد اب فائنل میں پانچ گیمز کھیل کر انہوں نے اپنی فٹنس کا بھرپور ثبوت فراہم کیا۔ تھیری لنکو نہ صرف یہ کہ پہلی مرتبہ پاکستان اوپن جیتے ہیں بلکہ اس سال یہ ان کا پہلا ٹائٹل بھی ہے اس سے قبل چار پروفیشنل ٹورنامنٹس اور ورلڈ گیمز میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ڈیوڈپامر کے خلاف چھ میچوں میں یہ ان کی دوسری جیت ہے۔ میچ کے بعد لنکو کی خوشی بجاتھی انہوں نے کہا کہ وہ اس جیت کے مستحق تھے۔ انہوں نے جیت کا سبب اپنے اسٹروکس کو قرار دیا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ایک مرحلے پر ان کے ہاتھ سے میچ نکلتا ہوا محسوس ہورہا تھا لیکن پامر پر تھکاوٹ کے آثار نمایاں ہوچلے تھے۔ لنکو نے کہا کہ یہ جیت ان کے لئے بڑی اہمیت کی حامل ہے دوسال قبل یہاں کھیلی گئی ورلڈ اوپن میں انہیں امر شبانا نے ہرادیا تھا وہ ہر قیمت پر پاکستان اوپن جیتنا چاہتے تھے یہ ان کے لئے خوشی کا دن ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کے لئے پاکستان اوپن انتہائی مایوس کن رہی۔ فائنل راؤنڈ تک نو کھلاڑیوں نے رسائی حاصل کی لیکن صرف شاہد زمان ہی دوسرے راؤنڈ میں پہنچ سکے۔ منصور زمان سمیت آٹھ کھلاڑی پہلے راؤنڈ سے آگے نہ بڑھ سکے جو پاکستان اسکواش کے لئے مایوس کن علامت ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||