پاکستان اوپن سے پاکستان ہی باہر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پچھلے دو پاکستان اوپن کی طرح اس مرتبہ بھی پاکستانی کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں ابتدائی میچوں کے مہمان ثابت ہوئے۔ دنیائے اسکواش کے اس اہم ایونٹ کے کوارٹرفائنل مقابلوں میں ایک بھی پاکستانی کھلاڑی نہیں پہنچ سکا۔ پاکستان کی آخری امید شاہد زمان سے وابستہ تھی جو پانچ گیمز کے مقابلے کے بعد عالمی نمبر ایک فرانس کے تھیری لنکو سے ہارگئے ۔ ایک مرحلے پر عالمی نمبر چودہ شاہد زمان اپنے حریف پر ایک کے مقابلے میں دو گیمز کی اہم برتری حاصل کرلی تھی لیکن وہ اس سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ شاہد زمان نے شکست کے بعد کہا کہ وہ بیمار تھے، انہیں فلو تھا اور سانس کی تکلیف بھی ہونے لگی تھی لیکن مبصرین کا خیال ہے کہ اس کے باوجود وہ یہ میچ جیت سکتے تھے اگر وہ اپنا قدرتی کھیل کھیلتے اور ریفری سے بار بار الجھنے سے گریز کرتے۔ شاہد زمان کا کہنا ہے کہ تین، چار مواقع پر ریفری کے فیصلے ان کے خلاف رہے۔ شاہد زمان اور منصور زمان کو پاکستان اسکواش فیڈریشن نے پاکستان اوپن کی تیاری کے لیے کوچ جمشید گل کے ساتھ انگلینڈ بھیجا تھا۔ شاہد زمان دوسرے راؤنڈ میں ہارے جبکہ منصورزمان کو پہلے ہی راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ شاہد زمان گزشتہ پاکستان اوپن کے کوارٹر فائنل تک پہنچے تھے اور اس مرتبہ ان کی پہنچ دوسرے راؤنڈ تک ہی رہی۔ پاکستان اوپن میں شریک دیگر آٹھ پاکستانی کھلاڑی پہلے ہی راؤنڈ میں ہارگئے تھے۔ اس طرح ایک ایسی چیمپئن شپ جو کبھی پاکستانی کھلاڑیوں کے نام رہتی تھی اب غیرملکی کھلاڑیوں پر اس کا غلبہ ہے۔ پاکستان اوپن کے کوارٹرفائنل میں تھیری لنکو مصر کے کریم درویش سے مقابلہ کریں گے جنہوں نے سابق جونیئر عالمی چیمپئن ملائشیا کے اونگ بینگ ہی کو ہرادیا۔ انتھونی رکٹس جو گزشتہ پاکستان اوپن کا فائنل ہارے تھے کوارٹرفائنل میں انگلینڈ کے نک میتھیو کے سامنے ہونگے جنہوں نے ملائشیا کے ازلان اسکندر کو شکست دی۔ تیسرا کوارٹر فائنل سابق عالمی چیمپئن مصر کے امر شبانا اور فرانس کے گریگوری گالٹیئر کے درمیان ہوگا۔ امر شبانا نے انگلینڈ کے ایڈرین گرانٹ کو اور گالٹیئر نے انگلینڈ کے سائمن پارک کو شکست دی۔ آخری کوارٹرفائنل میں دلچسپ مقابلے کی توقع ہے جس میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے جیمز ولسٹروپ 2002 کے ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کے ڈیوڈ پامر کے مدمقابل ہونگے۔ دوسرے راؤنڈ میں ولسٹروپ نے آسٹریلیا کے جوزف کنائپ کو ہرایا اور پامر نے مصری کھلاڑی وائل الہندی کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||