سکواش کوچ سے بدتمیزی پر سزا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان سکواش فیڈریشن کی نظم و ضبط کی کمیٹی نے سکواش کے کھلاڑی فرحان محبوب خان پرچھ ماہ تک قومی اور بین الاقوامی میچز کھیلنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس پابندی کے علاوہ فرحان محبوب کو پچیس ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائ گئی ہے۔ اس پابندی کے نتیجے میں فرحان محبوب خان اندرون و بیرون ملک کسی بھی ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکتے۔ فرحان محبوب اس فیصلے کے خلاف چودہ دن کے اندر پاکستان سکواش فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی میں اپیل دائر کر سکتے ہیں جس کا ایگزیکٹو اجلاس اٹھائیس مئی کو متوقع ہے۔ کچھ دن پہلے پاکستان کے سکواش کے کھلاڑیوں کے کوچ رحمت خان اور فرحان محبوب کے درمیان ٹرینگ کرنے پر جھگڑا ہو گیا تھا جو کہ بعد میں خاصہ بڑھ گیا۔ آج اسلام آباد میں پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر منصور خان کی سربراہی میں ڈسپلنری کمیٹی کا اجلاس ہوا جس نے دو گھنٹے تک اس واقعہ سے متعلق مختلف لوگوں کے بیانات لیے اور پھر فرحان محبوب خان کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے انہیں یہ سزا سنائی۔ فرحان محبوب پاکستان کے مایہ ناز سکواش کے کھلاڑی اور سابقہ عالمی چمپئن جان شیر خان کے بھانجے ہیں۔ گزشتہ سال برٹش جونیر چیمپئین شپ سے پہلے بھی پاکستان سکواش فیڈریشن نے چار سکواش کے کھلاڑیوں کو رحمت خان کی کوچنگ میں فیڈریشن کے کیمپ میں شرکت کی بجائے جان شیر خان سے تربیت لینے پر برٹش جونیر کھیلنے پر پابندی عائد کی تھی۔ ان چار کھلاڑیوں میں فرحان محبوب بھی شامل تھے۔ فرحان محبوب کے علاوہ ان کھلاڑیوں میں وقار محبوب، عامر اطلس اور دانش اطلس بھی شامل تھے۔ ان کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کے باوجود پاکستان نے برٹش جونیر میں عمروں کی چار کیٹیگریز میں ہونے والے مقابلوں میں سے تین میں گولڈ اور ایک میں سلور میڈل حاصل کیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||