لاسن کے ایکشن کی شکایت | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے تیز رفتار بالر جرمین لاسن کے بالنگ کے انداز کی گزشتہ دو سالوں میں دوسری مرتبہ شکایت کی گئی ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اتوار کو اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے ایمپائرز نے لانس کے بالنگ ایکشن کے بارے میں شکایت کی ہے۔ اس ٹیسٹ میچ میں لاسن نے ایک سو دو رن دے کر آٹھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ لاسن کے بالنگ کے انداز کا آئی سی سی کے ماہرین کا ایک پینل جائزہ لے کر اکیس دن کے اندر اپنی سفارشات پیش کرئے گا۔ تاہم اس دوران لاسن کے بالنگ کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہو گی۔ ویسٹ انڈیر سری لنکا کے دورے کے دوران اپنا دوسرا ٹیسٹ میچ جمعہ سے کینڈی میں کھیل رہا ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کوچھ وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کا یہ صوابدیدی اختیار ہے کہ وہ لاسن کو اگلے ٹیسٹ میں کھلاتے ہیں یا نہیں۔ اس وقت ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں سے معاہدوں پر تنازعہ کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے اور اس کو کئی ایک صف اول کے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں ہیں۔ آئی سی سی کے میچ ریفری نے لانس کے بالنگ ایکشن کے بارے میں کہا کہ میچ کے حکام کو بالنگ پھینکتے وقت لانس کی کہنی میں خم پر شک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکام نے لاسن کی بالنگ کا جائزہ لینے کے بعد اس معاملے کو آئی سی سی کے ماہرین کو بھیجنے کا فیصلہ کیا تاکہ نئے قوانین کی روشنی میں لاسن کے بالنگ ایکشن کی ’بایئو مکینکل‘ رپورٹ تیار کی جا سکے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||