ہربھجن:ایکشن پراعتراض ختم | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بین الاقوامی کرکٹ کو نسل (آئی سی سی) نے بھارتی سپنر ہربھجن سنگھ کو بین الاقوامی میچوں میں باؤلنگ کی اجازت دے دی ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کے ایک ریفری نے پاکستان بھارت سیریز کے دوران ہربھجن سنگھ کے باؤلنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیا تھا اور اس پر نظر ثانی کے لیے معاملہ ایک غیر جانبدار ماہر مارک پورٹس کے حوالے کر دیا تھا۔ اگرچہ مارک پورٹس نے ہربھجن کے پاکستان کے خلاف باؤلنگ ایکشن اور ان کے ماضی کے ایکشن کے درمیان فرق پایا تاہم وہ کوئی حتمی رائے نہ دے سکے جس کی بنیاد پراب ہربھجن سنگھ کو باؤلنگ کی اجازت دے دی گئی ہے۔ آئی سی سی کے جنرل مینیجر ڈیوڈ رچرڈسن نے اس موقع پر کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یونیورسٹی آف ویسٹرن آسٹریلیا میں کیے گئےٹیسٹ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کے ہربھجن سنگھ کا باؤلنگ ایکشن کرکٹ کے قوانین کے مطابق ہے۔ ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا ’پاکستان کے خلاف میچوں میں ہر بھجن کے ایکشن کی ویڈیوفلموں کو دیکھنے پر کچھ فرق سامنے آئے ہیں جن میں باؤلنگ کے دوران ان کے پاؤں کی پوزیشن اور ان کے بال کی رفتار بھی شامل ہیں۔ تاہم ویڈیو فلم کی بری کوالٹی اور کیمرے کے زاویہ کی وجہ سےمارک پورٹس کسی حتمی نتیجہ پر نہیں پہنچ سکے۔‘ ’اس بنیاد پر آئی سی سی نے فیصلہ کیا ہے ہر بھجن سنگھ باؤلنگ جاری رکھ سکتے ہیں بشرطیکہ ان کا باؤلنگ ایکشن وہی رہے جس کا ایک نمونہ یونیورسٹی آف ویسٹرن آسٹریلیا کی لیبارٹری میں رکھا ہوا ہے۔‘ تا ہم ڈیوڈ رچرڈسن نے یہ بھی کہا کہ اگر ہربھجن سنگھ کا ایکشن لیبارٹری کے نمونہ سے انحراف کرتا ہے تو اس صورت میں ریفری دوبارہ آئی سی سی کو بتائیں گے جس کی بنیاد پر مزید بائیومکینیکل ٹیسٹ کیے جا سکتے ہیں۔ پابندی اٹھائے جانے کی اس خبر کے بعد یہ کہا جا رہا ہے کہ ہر بھجن سنگھ اس سال برطانوی کرکٹ کاؤنٹی سرے کے لیے کھیل سکیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||