ہربھجن سنگھ ’دوسرا‘ کرائیں گے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی کرکٹ کوچ نے کہا ہے کہ ہربھجن سنگھ کی بولنگ پر اعتراض کے باوجود اگلے ٹیسٹ میں ’دوسرا‘ گیند کرائیں گے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ جان رائٹ نے یہ بات واضح کردی ہے کہ آئی سی سی میچ ریفری کرس براڈ کی جانب سے ہربھجن سنگھ کے بولنگ ایکشن کے بارے میں رپورٹ کئے جانے کے باوجود وہ پاکستان کےخلاف بنگلور ٹیسٹ میں اپنی گیند دوسرا کرائیں گے۔ کرس براڈ کا کہنا ہے کہ ہربھجن سنگھ کی عام آف اسپن گیند کے برعکس مخالف سمت میں ٹرن ہوتی ہوئی گیند جسے دوسرا کہا جاتا ہے کے موقع پر ان کا ایکشن مختلف ہوجاتا ہے اور وہ قواعد وضوابط کے پیمانے سے باہر ہوجاتا ہے لیکن جان رائٹ کا کہنا ہے کہ ہربھجن سنگھ کو دوسرا کرانے سے نہیں روکا جاسکتا جو وہ گزشتہ چالیس ٹیسٹ میچوں میں کراتے آئے ہیں۔ ہربھجن سنگھ نے اپنے اخباری کالم میں اپنے بولنگ ایکشن پر دوبارہ رپورٹ ہونے پر مایوسی ظاہر کی ہے اور کہا ہے کہ جب انہیں آئی سی سی کے ماہرین کلیئر کرچکے ہیں تو دوبارہ رپورٹ کئے جانے کا کیا مطلب ہے۔ ہربھجن سنگھ کے بولنگ ایکشن پر اعتراض کے ضمن میں بھارتی ذرائع ابلاغ نے پاکستانی ٹیم کے کوچ باب وولمر کا نام لیا ہے کہ پس پردہ ان کے کہنے پر میچ ریفری نے بھارتی آف اسپنر کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قراردیا ہے۔ تاہم باب وولمر نے اس کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ انہیں ہربھجن سنگھ سے کوئی سروکار نہیں ہے اور وہ شعیب ملک کو کلیئر کرانے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||