شعیب کا ایکشن درست نہیں ہوا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آف اسپنر شعیب ملک آسٹریلیا کے بعد اب بھارت کے دورے میں بھی بولنگ نہیں کرسکیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے بولنگ ایکشن کی درستگی کے لیے کسی نئے ماہر سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب بھارت کے دورے میں پاکستانی ٹیم کی پریکٹس کے دوران شعیب ملک وکٹ کیپر کے طور پر بھی دیکھے جارہے ہیں اور یہ آئیڈیا بھی پیش کیا جا چکا ہے کہ انہیں وکٹ کیپر کے طور پر تیار کیا جائے۔ لیکن موہالی ٹیسٹ میں کامران اکمل کی شاندار سنچری کے بعد یہ تجویز دم توڑگئی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر سلیم الطاف کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب ملک کے بولنگ ایکشن کو پرتھ یونیورسٹی کی رپورٹ کی مدد سے آئی سی سی سے کلیئر کرانے کی جو کوشش کی تھی وہ کامیاب ثابت نہیں ہوسکی۔ کیونکہ آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مطلع کیا ہے کہ شعیب ملک کو موجودہ بولنگ ایکشن میں کلیئر نہیں کیا جاسکتا اور پاکستان کرکٹ بورڈ اس سلسلے میں دوبارہ کسی ماہر سے رجوع کرے۔ سلیم الطاف نے کہا کہ پروفیسر بروس ایلیٹ کے بعد اب پاکستان کرکٹ بورڈ کسی نئے ماہر سے رابطہ کرے گا۔ سلیم الطاف کا کہنا ہے کہ شعیب ملک میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ بحیثیت بیٹسمین بھی ٹیم میں جگہ بناسکے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||