عبدالرشیدشکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی |  |
 |  آخری میچ میں مانن چندرا نے محمد یوسف کو ہرادیا |
بھارت نے پاکستان کو سنوکر ٹیسٹ سیریز میں 38 کے مقابلے میں 39 پوائنٹس سے شکست دیدی۔ کراچی کلب میں دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی اس سیریز کا فیصلہ آخری میچ میں ہوا جس میں مانن چندرا نے محمد یوسف کو ہرادیا۔ محمد یوسف کے لئے ضروری تھا کہ وہ نہ صرف ایک فریم پر مشتمل یہ لکی سیون میچ جیتیں بلکہ سنچری بریک بھی کھیلیں اسی صورت میں پاکستان یہ سیریز اپنے نام کرسکتا تھا محمد یوسف نے یہ میچ ضرور جیتالیکن وہ سنچری بریک کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری دن شروع ہوا تو بھارت کی برتری گیارہ پوائنٹس کی تھی لیکن پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے عمدہ کھیل سے مقابلے کو دلچسپ بنادیا۔ پاکستان کی طرف سے صالح محمد نے پنکج اڈوانی کو شکست دی جبکہ عمران شہزاد نے سنچری بریک کی مدد سے مانن چندرا کو ہرایا۔ محمد یوسف نے الوک کمار کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ سیریز کے دلچسپ ہونے کی وجہ اس کا فارمیٹ تھا دوسال قبل بھی اسی فارمیٹ کے تحت سیریز کھیلی گئی تھی جس کے آخری میچ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔ بھارتی کپتان الوک کمار اس جیت پر بجا طور پر خوش تھے لیکن انہیں اس بات پر بھی خوشی ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی کے عمل کا حصہ بنے ہیں۔ |