موہالی: پاکستانی اننگز 312 پرختم | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عاصم کمال کی اکانوے رنز کی شاندار اننگز کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم موہالی ٹیسٹ کے پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں تین سو بارہ رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عاصم کمال نے اپنے ساتویں ٹیسٹ میں پانچویں اور بھارت کے خلاف تیسری نصف سنچری اسکور کی لیکن ایک بار پھر وہ سنچری نہ بنا سکے۔ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے اولین ٹیسٹ میں ننانوے رنز پرآؤٹ ہوئے تھے۔ پہلے دن کے کھیل میں اگر عاصم کمال بیٹنگ میں قابل ذکر رہے تو بولنگ میں لکشمی پتھی بالاجی پانچ وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے انہوں نے اپنے چھ ٹیسٹ میچوں کے مختصر کیریئر میں پہلی مرتبہ پانچ وکٹیں ایک اننگز میں حاصل کی ہیں۔ پی سی اے اسٹیڈیم کی وکٹ پر گھاس دیکھ کر دونوں ٹیمیں تین تیز بالروں اور ایک اسپنر کے ساتھ میدان میں اتریں۔ ٹاس جیت کر گنگولی نے میدان اپنے بولرز کے حوالے کردیا۔ پاکستانی بیٹنگ کو آغاز سے ہی اس وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب سلمان بٹ کو پانچ کے انفرادی اسکور پر عرفان پٹھان نے بولڈ کردیا اسوقت مجموعی اسکورگیارہ رنز تھا۔ نائب کپتان یونس خان نو رنز بناکر ظہیرخان کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ بھارت کے خلاف پنڈی ٹیسٹ کے بعد دوبارہ ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے والے توفیق عمر اعتماد سے بیٹنگ کررہے تھے لیکن انہیں بالاجی نے چوالیس رنز پر بولڈ کردیا۔ اس وقت پاکستانی ٹیم شدید مشکلات میں گھر گئی جب یوسف یوحنا چھ رن بنا کرت انیل کمبلے کا شکار بنے۔تاہم اس کے بعد کپتان انضمام اور عاصم کمال نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں باون رنز کا اضافہ کیا۔
انضمام الحق ستاون رنز بنانے کے بعد کمبلے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے۔ عبدالرزاق کو چھبیس رنز پر بالاجی کی گیند پر دنیش کارتھک نے کیچ کیا جبکہ کامران اکمل پندرہ رنز بناکر کمبلے کی گیند پر سلپ میں ڈریوڈ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ محمد سمیع نے بیس رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے عاصم کمال کے ساتھ قیمتی تنتالیس رنز کا اضافہ کیا۔ انہیں بالاجی نے بولڈ کیا۔ پاکستان کے نقطۂ نظر سے مایوس کن لمحہ عاصم کمال کا آؤٹ ہونا تھا جو اپنی سنچری سے نو رنز کی دوری پر بالاجی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ بالاجی نے رانا نویدالحسن کو گیارہ رنز پر ایل بی ڈبلیو کرکے پاکستانی اننگز کی بساط لپیٹ دی۔ بھارت کی جانب سے بالاجی نے چھہتر رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ عرفان پٹھان اور انیل کمبلے نے دو دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ کے امپائرز آسٹریلیا کے ڈیرل ہیئر اور جنوبی افریقہ کے روڈی کرٹزن ہیں جبکہ انگلینڈ کے کرس براڈ میچ ریفری ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||