علی سلمان بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور |  |
 |  پاکستانی کرکٹ شائقین نے بھارت میں کرکٹ میچ دیکھنے کے لیے ٹکٹ حاصل کیے۔ |
بھارتی ہائی کمشن کے عملے نے موہالی میں ہونے والے ٹیسٹ کرکٹ میچ کے لیے آج پہلے روز پاکستانی شہریوں نے پاسپورٹ وصول کیے اور انہیں ٹکٹیں جاری کیں۔ اتوار کو ٹکٹیں جاری کرنے کا دوسرااور آخری دن ہے جس کے بعد ویزے جاری کیے جائیں گے۔ سنیچر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں بھارتی ہائی کمشن کے اہلکاروں نے خصوصی بوتھ قائم کیے جہاں انہوں نے امریکن ایکسپریس کے عملے کے ساتھ مل کر پاکستانی شہریوں سے ان کی ویزہ درخواستیں اور سفری دستاویزات وصول کیں اور ٹکٹیں جاری کیں۔ بڑی تعدادمیں مردوں اور عورتوں نے گھنٹوں لمبی قطاروں میں کھڑے ہوکر اپنے پاسپورٹ جمع کروائے اور ٹکٹیں وصول کیں۔قطاریں قائم رکھنے کے لیے پولیس اہلکار تعینات تھے۔ ڈھائی ہزار روپے میں ملنے والی اس ٹکٹ کے ساتھ واہگہ سے موہالی اور پھر واپسی کے مفت سفر کے دو کوپن بھی نتھی ہیں۔ جمعہ کو ویزے فارم جاری کیے گئے تھے جس کے ساتھ ایک ہدایت نامہ تھا کہ صرف موہالی ٹسٹ کے لیے درخواستیں دی جائیں ۔ کئی ایسے تماشائی تھے جو پوری سیریز کے لیے بھارت جانا چاہتے تھے لیکن انہیں بھارت ہائی کمشن کے عملے نے بتایا کہ پالیسی کے تحت پاکستانی تماشائیوں کو پوری سیریز کے اکٹھے ٹکٹ اور ویزے جاری نہیں کیے جارہے اور انہیں ہر ٹسٹ میچ کےبعدواپس لوٹنا ہوگا اور اگلے ٹیسٹ میچ کے لیے دوبارہ ٹکٹ حاصل کرنا ہونگے۔ بھارتی ہائی کمشن کے اہلکار سریش مہتا سے جب پوچھا گیا کہ ایک روزہ میچوں کےدوران تو اتنا وقفہ نہیں ہے کہ پاکستان آکر واپس جایا جاسکے تو انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی صرف ٹیسٹ میچوں کے لیے ہے اور ایک روزہ میچوں کی ویزہ پالیسی کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔ بھارتی وزیر خارجہ نے گزشتہ ہفتے اپنے دورہ پاکستان کے دوران موہالی ٹسٹ کے لیے آٹھ ہزار ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ تماشائی پیدل واہگہ باڈر کراس کرکے بھارت داخل ہونگے جہاں سے گاڑیاں انہیں چندی گڑھ موہالی لے جائیں گی۔
|