ٹینس:پاکستان اور تھائی لینڈ برابر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان اور تھائی لیند کے درمیان ایشیا اوشینا ڈیوس کپ ’گروپ ون‘ ٹینس ٹائی میں پہلے دن کے کھیل کے بعد دونوں ممالک کی پوزیشن برابر رہی۔ دونوں ممالک نے ایک ایک میچ جیتا۔ یہ میچ کوسمو پولیٹن کلب باغ جناح لاہور کے گراس کورٹ پر کھیلے جا رہے ہیں۔ آج ہونے والا پہلا میچ پاکستان کے سٹار ٹینس کھلاڑی اعصام الحق اور تھائی لینڈ کے دانائی اودم چوک کے درمیان تھا۔ اعصام الحق نے یہ میچ ایک کے مقابلے تین سیٹ سے جیتا۔ دو گھنٹے پچاس منٹ تک کھیلے جانے والے میچ میں تماشائیوں کو اعلی معیار کی ٹینس دیکھنے کو ملی۔ اعصام الحق نے پہلا سیٹ 2/6 سے جیتا دوسرا سیٹ 5/7 سے جیتا تیسرے سیٹ میں اودم چوک نے بہتر کھیل پیش کیا اس سیٹ کا فیصلہ ٹائی بریک پر ہوا اور اودم نے 6/7 سے اس سیٹ میں فتح حاصل کی۔ چوتھے سیٹ میں اعصام کی ٹانگ میں کریمپ پڑنے کے سبب کھیل کچھ وقت کے لیے رکا رہا اس سیٹ کا فیصلہ بھی ٹائي بریک پر ہوا۔اس سیٹ میں اعصام نے 7/6 سے جیت کر میچ اپنے نام کر لیا۔ میچ کے بعد اعصام نے بتایا کہ آج صبح میچ سے پہلے ان کی کمر میں سخت تکلیف شروع ہو گئی اور وہ کھڑے ہونے کے قابل نہیں تھے تاہم ان کے فزیو تھراپسٹ میثاق رضوی کے بر وقت علاج سے وہ کھیلنے کے قابل ہو سکے اور چونکہ میچ سے پہلے انہوں نے کچھ نہیں کھایا تھا اس لیے کریمپس پڑنے لگے۔ اعصام نے تسلیم کیا کہ اگر میچ پانچویں سیٹ میں چلا جاتا تو ان کی جسمانی حالت ایسی نہیں تھی کہ وہ یہ میچ جیت سکتے تھے۔ اعصام نے کہا کہ یہ میچ ان کے لیے اس لحاظ سے یادگار رہے گا کہ اتنی تکلیف کے بارجود انہیں فتح نصیب ہوئی۔ اودم چوک نے کہا کہ ان کی شکست کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ انہیں گراس کورٹ پر کھیلنے کا تجربہ کم تھا۔ اس اہم ٹینس ٹائی کا دوسرا میچ تھائی لینڈ کے نمبر ایک کھلاڑی پیراڈن سری چپن اور پاکستان کے عقیل خان کے درمیان تھا۔ اس میچ کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ یک طرفہ رہے گا کیونکہ پیراڈن عالمی درجہ بندی میں اکیسویں نمبر پر ہیں جبکہ عقیل خان عالمی درجہ بندی میں بہت نیچے ہیں۔ یہ میچ بہت دلچسپ رہا کیونکہ عقیل خان نے توقع سے زیادہ اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اگرچہ پیراڈن نے یہ میچ اپنے تجربے کی بناء پر ایک کے مقابلے تین سیٹ سے جیت لیا تاہم عقیل سے انہیں خاصی سخت مزاحمت کا سامنا رہا۔ پہلا سیٹ پیراڈن سے 4/6 سے ہارنے کے بعد عقیل میچ میں واپس آئے اور دوسرے سیٹ میں دو بار پیراڈن کی سروس بریک کر کے یہ سیٹ جیت لیا۔ تیسرے سیٹ میں پھر زبردست مقابلہ ہوا اور فیصلہ ٹائی بریک پر پیراڈن کے حق میں ہوا۔ چوتھے اور آخری سیٹ میں پیراڈن کا تجربہ کام آیا اور اس سیٹ میں وہ عقیل پر چھائے رہے اور بہ آسانی یہ سیٹ جیت کر میچ میں فتح حاصل کی۔ میچ کے بعد پیراڈن نے عقیل کے کھیل کی تعریف کی اور کہا کہ یہ ایک زبردست مقابلہ تھا۔ کل اس اہم ٹینس ٹائیمیں ڈبلز مقابلہ ہو گا۔ پاکستان کی جانب سے عقیل خان اور اعصام الحق کھیلیں گے جبکہ تھائی لینڈ کی جانب سے دو بھائی سونچت ریٹو تنا اور سناچی ریٹو تنا کھیلیں گے۔ ڈبلز مقابلہ اس ٹائی میں خاصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس وقت دونوں منک ایک ایک میچ جیت چکے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||