BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Friday, 19 September, 2003, 17:56 GMT 21:56 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
ڈیوس کپ مقابلوں کا آغاز

ٹینس
اعصام (بائیں) اور اسرائیلی کھلاڑی عامر ہداد اس سال ومبلڈن میں ساتھی تھے

جمعہ کے روز لاہور میں ڈیفنس کلب کے سرسبز و شاداب ٹینس کورٹس پر پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ڈیوس کپ ایشیا اوشینا گروپ ون ٹینس ٹائی کے پہلے دن کے میچز کھیلے گئے جس میں ایک میچ پاکستان نے اور ایک جنوبی کوریا نے جیتا۔

پہلا مقابلہ پاکستان کے ٹینس سٹار اعصام الحق اور جنوبی کوریا کے سیکنڈ سیڈ کھلاڑی کیو ٹے ام کے درمیان تھا جسے اعصام الحق نے باآسانی جیت لیا۔ یہ میچ ایک گھنٹہ اور تینتالیس منٹ تک جاری رہا جس میں اعصام الحق نے اپنے کورین حریف کو 1/6 2/6 4/6 سے شکست دی۔

اعصام الحق نے اپنے بہترین کھیل اور اچھی سروس سے ٹینس کے شائقین کو خاصا محظوظ کیا۔میچ کے بعد جنوبی کوریا کے کھلاڑی نے کہا کہ گھاس کے کورٹ پر کھیلنا ان کے لئے مشکل تھا کیونکہ ان کے ملک میں زیادہ تر ہارڈ کورٹس پر ٹینس کھیلی جاتی ہے۔

دوسرے میچ میں پاکستان کے نمبر ون ٹینس کھلاڑی عقیل خان اپنے حریف یلگ جون کم سے ساڑھے تین گھنٹے تک چلنے والے میچ میں ایک کے مقابلے میں تین سیٹ سے ہار گئے۔ ینگ جون نے پہلا سیٹ 6/7 سے جیتا۔ٹائی بریک ہونے کے سبب یہ طویل ترین سیٹ تھا جس میں سکور 17/19 رہا ۔دوسرے سیٹ میں عقیل خان نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور یہ سیٹ 4/6 سے جیت لیا۔ تیسرے سیٹ میں ینگ جون کا پلڑا بھاری رہا اور وہ یہ سیٹ 3/6 سے جیت گئے۔چوتھے سیٹ میں مقابلہ بہت کانٹے کا رہا مگر اس میں عقیل خان کی پنڈلی میں تکلیف شروع ہو گئی وہ کچھ دیر آرام کے بعد دوبارہ کھیلنے تو آئے مگر ان میں پہلے جیسی پھرتی نہ تھی لہذا وہ یہ سیٹ 6/7 سے ہار گئے۔

ڈیوس کپ ایشیا اوشینا گروپ ون کی یہ ٹائی دونوں ممالک کے لئے خاصی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ جو ملک یہ ٹائی ہار گیا وہ گروپ ون سے گروپ ٹو میں چلا جائے گا۔

اس سے پہلے پاکستان گروپ ون میں آنے کے بعد اپنی پہلی ٹائی نیوزی لینڈ سے ہار گیا تھا۔یہ ٹائی پاکستان میں ہونا تھی مگر نیوزی لینڈ نے سیکیورٹی کی وجہ سے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا۔مگر اس بار پاکستان کو ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کا فائدہ حاصل رہے گا اس لئے پاکستانی ٹیم کے کوچ رشید ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان کے یہ ٹائی جیتنے کے برابر کے امکانات ہیں اگرچہ جنوبی کوریا کے کھلاڑی غیر ملکی کھلاڑیوں سے کھیلنے کا زیادہ تجربہ رکھتے ہیں۔

تین دن تک کھیلی جانے والی اس ٹائی میں سنیچر کو ڈبلز کے مقابلے ہوں گے جس میں پاکستان کی جانب سے جلیل خان اور نومی قمر کو کھلانے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم امکان ہے کہ پاکستان اپنا یہ پئر تبدیل کر دے گا اور اعصام اور عقیل خان کو کھلائے گا کیونکہ کوچ رشید ملک اتنی اہم ٹائی میں نومی قمر اور جلیل خان کو کھلانے کا رسک نہیں لینا چاہتے۔

قوانین کے مطابق کھلاڑی مقابلہ شروع ہونے سے دو گھنٹے پہلے تک تبدیل کئے جا سکتے ہیں۔

اس ٹائی کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پنجاب کے وزیر اعلی پرویز الہی تھے جنہوں نے ٹینس کی پچاس لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔

تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد