ڈیوس کپ میں پاکستان کی برتری | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کو ڈیوس کپ ٹینس ٹائی میں اپنے حریف نیوزی لینڈ سے ایک میچ کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ اسلام آباد میں کلے کورٹ میں چوبیس سے چھبیس ستمبر تک ہونے والی اس ٹینس ٹائی میں آج یعنی پچیس ستمبر کو کھیلے جانے والے ڈبل مقابلے میں پاکستان کے اعصام الحق اور عقیل خان نے نیوزی لینڈ کے مارک نیلسن اور سائمن ریا کو تین سٹریٹ سیٹس سے مات دی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے پہلا سیٹ 4/6 سے دوسرا سیٹ 4/6 سے جیتا۔ تیسرے سیٹ میں تو پاکستانی کھلاڑیوں نے کمال کی مہارت کا مظاہرہ کیا اور اپنی تیز بیک ہینڈ اور فور ہینڈ شارٹس سے اپنے حریف کھلاڑیوں کو ہراساں کر دیا اور سیٹ بڑی آسانی سے 1/6 سے جیت لیا۔ ڈیوس کپ ٹائی میں ڈبلز مقابلے ہمیشہ اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ اس میچ میں ہار جیت ٹائی کے نتائج پر گہرا اثر ڈالتی۔ سنیچر کے ڈبل مقابلے میں پاکستانی کھلاڑی آغاز ہی سے اپنے حریفوں پر چھائے رہے۔ عقیل خان نے جمعہ کی نسبت بہت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ان کی زبردست سروس کے سامنے نیوزي لینڈ کے کھلاڑی بے بس نظر آئے۔ میچ کے بعد اعصام نے کہا کہ انہوں نے کل کے میچ کے بعد فزیوتھراپی کرائی جس کے سبب وہ آج کھیلنے کے قابل ہو سکے۔اعصام نے کہا کہ میچ کا تین سٹریٹ سیٹس سے جیت لینا ان کے لیے بہت اچھا ہے کیونکہ انہیں زیادہ تھکاوٹ نہیں ہوئی اور وہ اتوار چھبیس ستمبر کو ہونے والے میچ کے لیے جسمانی طور پر تیار ہوں گے۔ کل ٹائی کے آخری دن ریورس سنگلز ہوں گے۔ پہلا میچ اعصام الحق اور نیوزی لینڈ کے نمبر ون مارک نیلسن کے درمیان ہوگا جب کہ دوسرا میچ عقیل خان اور سائمن ریا کے درمیان ہو گا۔ پاکستان ٹیم کے نان پلیئنگ کپتان رشید ملک کا کہنا ہے کہ آج کا ڈبلز مقابلہ جیتنے کے بعد پاکستان اچھی پوزیشن میں آ گیا ہے اب پاکستان کو ٹائی جیتنے کے لیے صرف ایک میچ جیتنے کی ضرورت ہے جب کہ نیوزی لینڈ کو دونوں میچ جیتنے ہوں گے۔ ہماری کوشش ہو گی کہ ہم اعصام اور نیلسن کے درمیان ہونے والا میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان گزشتہ سال نیوزی لینڈ میں ہونے والی دونوں ملکوں کی ڈیوس کپ ٹائی میں پانچوں کے پانچوں میچ ہار گیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||