| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
ڈیوس کپ میں پاکستان کی برتری
لاہور میں ڈیفنس کلب کے ہرے بھرے گراس کورٹ پر کھیلے جانے والے ڈیوس کپ ایشیا اوشینا گروپ ون ٹینس ٹائی میں پاکستان کو ایک میچ سے برتری حاصل ہو گئی ہے۔ ڈیوس کپ مقابلے پاکستان اور جنوبی کوریا کی ٹیموں کے درمیان ہو رہے ہیں۔ہفتہ کے روز ایک ڈبلز میچ ہوا جسے پاکستان نے با آسانی جیت لیا۔ جمعہ کو ہونے والے دو سنگل مقابلوں میں ایک پاکستان کے اعصام الحق نے کیو ٹے ام سے جیتا اور دوسرا میچ کوریائی کھلاڑی ینگ جون کم نے پاکستانی کھلاڑی عقیل خان سے جیتا تھا۔ ہفتہ کو ہونے والے ڈبلز میچ میں پاکستان کی ٹیم بین الاقوامی میچز کا تجربہ رکھنے والے سٹار ٹینس کھلاڑی اعصام الحق اور پاکستان کے نمبر ون کھلاڑی عقیل خان پر مشتمل تھی جبکہ جنوبی کوریا نے ہی سنگ چونگ اور ہی سیوک چونگ کو کورٹ میں اتارا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گھنٹہ اور بیالیس منٹ پر مشتمل یہ میچ تین سٹریٹ سیٹس میں 4/6 4/6 4/6 کے سکور سے جیتا۔ پہلے سیٹ میں جو کہ تیس منٹ تک جاری رہا پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے۔ انہوں نے اچھی سروس اور بہترین بیک ہینڈ اور فور ہینڈ شارٹس سے شائقین ٹینس کو محظوظ کیا۔ دوسرے سیٹ میں جنوبی کوریائی کھلاڑیوں نے شروع میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا مگر پھر اعصام الحق کے تیز شارٹس کے آگے وہ سنبھل نہ سکے اور چوالیس منٹ چلنے والا یہ سیٹ بھی ہار گئے۔ تیسرا اور آخری سیٹ بھی تقریباّ یک طرفہ ہی تھا اور پاکستانی کھلاڑی صرف اٹھائیس منٹ میں یہ سیٹ بھی جیت گئے۔ یہ میچ جیتنے کے بعد اب پاکستان چار سنگل اور ایک ڈبل یعنی پانچ میچوں کی اس ٹائی میں ایک کے مقابلے میں دو میچوں سے آگے ہے۔ یہ ٹائی دونوں ملکوں کے لئے خاصی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اسے ہارنے والا گروپ ون سے گروپ ٹو میں چلا جائےگا اس کی اسی اہمیت کے پیش نظر پاکستان کے نان پلئینگ کپتان اور کوچ رشید ملک نے اپنے جونیئر کھلاڑیوں کو آج کے ڈبلز مقابلے میں کھلانے کا خطرہ مول نہیں لیا۔ اگر چہ پہلے انہی جونیئر کھلاڑیوں کو کورٹ میں اتارنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر آج کھیل شروع ہونے سے پہلے ٹیم میں تبدیلی کر دی گئ اور اعصام الحق اور عقیل خان کو کھلایا گیا۔ رشید ملک نے کہا کہ انہوں نے یہ ایک طرح کا جواء کھیلا تھا کیونکہ کل کے میچ میں عقیل خان بیمار ہو گئے تھے مگر ہمارے ڈاکٹر نے ان کی اچھی نگہداشت کی اور وہ کھیلنے کے قابل ہو گئے انہوں نے کہا کہ انہیں یقین تھا کہ یہ جوڑا ہی جیت سکتا ہے۔ جنوبی کوریا کے نان پلئینگ کپتان چون ہو کم نے کہا کہ ان کے کھلاڑی اچھے ہیں مگر انہیں گراس کورٹ پر کھیلنے کا بالکل تجربہ نہیں۔ اتوار کو کھیلے جانے والے ریورس سنگل میچوں کے لئے اپنی توقعات کے بارے میں چون ہو کم کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں جو کہ اعصام الحق اور ینگ جون کم کے درمیان ہے ہمارے برابر کے امکانات ہیں جبکہ دوسرا میچ جو کہ عقیل خان اور کیو ٹے ام کے درمیان ہے اس میں ہمارے امکانات زیادہ بہتر ہیں۔ اعصام الحق کا اس ٹائی کو جیتنے کے لئے پاکستان کے امکانات کے بارے میں کہنا تھا کہ ہم ساٹھ فیصد ٹائی تو جیت چکے ہیں اور کل وہ اپنے میچ میں سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے اور اگر وہ نہ جیت سکے تو انہیں یقین ہے کہ عقیل خان اپنا میچ ضرور جیتے گا۔ دوسری طرف عقیل خان کا کہنا تھا کہ کل ٹائی جیتنے کا زیادہ تر دارومدار اعصام الحق پر ہے اور انہیں یقین ہے کہ اعصام اپنا میچ جیت جائے گا۔ ٹائی جیت کرڈیوس کپ ایشیا اوشینا کے گروپ ون میں کون سا ملک رہتا ہے یہ تو کل ہی معلوم ہو گا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |