پاکستانی ٹیم بھارت پہنچ گئی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جیت کے دعووں اور وعدوں کے ساتھ پاکستان کی کرکٹ ٹیم آج بھارت پہنچ گئی ہے۔ پاکستان کی تمام ٹیم نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اکٹھی ہوئی اور وہاں ایک گروپ تصویر کے بعد ائیر پورٹ کے لیے روانہ ہوئی۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے گیٹ پر ٹیم کو خدا خافظ کہنے کے لیے آنے والے درجنوں لوگوں نے روانگی کے وقت اللہ اکبر کے نعرے لگائے۔ ٹیم آج کا دن دہلی گزار کر کل دھرم شالہ کے لیے روانہ ہو جائے گی جہاں وہ تین روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔ روانگی سے قبل پاکستان ٹیم کے کپتان انضمام الحق نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گو کہ ہماری ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے لیکن ان میں اتنا ٹیلنٹ ہے کہ یہ بھارتی ٹیم کو بھارت میں ہرا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم بہت مظبوط ٹیم ہے اور انہیں ہرانے کے لیے ہماری کھلاڑیوں کو خوب محنت کرنا ہو گی اور وہ اس محنت کے لیے تیار ہیں۔ ٹیم کے کوچ باب وولمر نے کہا کہ آسٹریلیا میں شکست کی یادوں کو کوڑے کے ڈبے میں ڈال دیا ہے اور اب ہماری نظریں جیت پر ہیں انہوں نے کہا کہ ٹیم نے دو دن کے کیمپ میں سپن پچ پر پریکٹس کی ہے اور بیٹس مینوں کو زیادہ سے زیادہ سپن بالنگ پر کھلایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موہالی ٹیسٹ کی وکٹ ایک اچھی وکٹ ہے۔ باب وولمر نے کہا ہمارا ٹارگٹ ہے کہ ہم ٹیسٹ سیریز جیتیں اور اس جیت سے ملنے والے اعتماد کے ساتھ ایک روزہ سیریز کھیلیں۔ پاکستان ٹیم کے مینیجر سلیم الطاف نے بھی کہا کہ ٹیم نے آسٹریلیا کے دورے کے آخری حصے میں کافی اچھا کھیل پیش کیا اور ٹیم سپرٹ کامظاہرہ کیا اگر بھارت کے ساتھ بھی جذبے کے ساتھ کھیلی تو فتح حاصل کرنا مشکل نہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی نظم وضبط کے پابند ہیں لہذا ان کی موجودگی میں ٹیم بھارت میں پوری طرح سے نظم وضبط کی پابندی کرے گی۔ سلیم الطاف نے کہا کہ کھلاڑی دوسرے ملک میں اپنے ملک کے سفیر ہوتے ہیں اور انہیں امید ہے کہ پاکستانی ٹیم وہاں یہ ذمہ داری بھی پوری طرح نبھائے گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||