عبدالرشید شکور بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی |  |
 |  عمران کو بھارت میں کھیلنے کا تجربہ ہے |
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے اٹھائیس فرووی سے بھارت کے دورے پر روانہ ہونے والی ٹیم سے اتوار کوایک خصوصی ملاقات کی اور اپنے تجربے کی بنیاد پر بھارت میں کھیلنے کے بارے میں مفید مشورے دیے۔ اس لیکچر یا ملاقات کا اہتمام پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی دورے سے قبل تریبت کے سلسلے میں کیا تھا۔ پاکستانی ٹیم کے ساتھ تقریبا پون گھنٹہ طویل اس ملاقات میں عمران خان نے کپتان انضمام الحق کو تلقین کی کہ ٹیم خود پر پریشر طاری نہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم ناتجربہ کار ضرور ہے لیکن باصلاحیت کرکٹرز پر مشتمل ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ شعیب اختر کی غیرموجودگی میں محمد سمیع پر ذمہ داری عائد ہوگی وہ میچ جیتنے والے بالر ہے۔ ان دنوں رانا نویدالحسن بھی عمدہ بالنگ کررہے ہیں۔ اسپن وکٹیں ہونے کی صورت میں دانش کنیریا ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بلے بازوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بڑی اننگز کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ انضمام الحق اور یوسف یوحنا کو سینئر بیٹسمین ہونے کے ناطے کریز پر ٹھہرنا ہوگا تاکہ ٹیم ایک بڑا اسکور بناسکے۔ انہوں نے کہا کہ اوپنر توفیق عمر اور سلمان بٹ باصلاحیت بیٹسمین ہیں لیکن انہیں اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی دکھانا ہوگی۔ |