 |  انضمام الحق اور راہول ڈراوڈ 2004 میں ملتان ٹیسٹ سے پہلے۔ |
انڈیا میں کرکٹ بورڈ اور زی ٹی وی کے درمیان جاری عدالتی کارروائی کے پس منظر میں خیال کیا جارہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ حالیہ سیریز کو ٹی وی پر دکھانے کے لئے بورڈ کو ماضی کی طرح ایک بار پھر عارضی انتظامات کرنے پڑیں گے۔ انڈین کرکٹ بورڈ اور زی ٹی وی کے درمیان پچھلے سال ستمبر میں چار برس کے لئے دو سو اکتالیس ملین پاؤنڈ کا معاہدہ ہوا تھا جسے بعد میں بورڈ نے منسوخ کردیا تھا اور اب اس سلسلے میں مدراس ہائی کورٹ میں ایک مقدمہ چل رہا ہے۔ پچھلے برس آسٹریلیا کے ساتھ ہونے والی سیریز کے موقع پر عدالت نے اس بنیاد پر کہ ابھی مقدمے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا، آخری وقت پر بورڈ کو عارضی بندوبست کی اجازت دی تھی۔ اسُ موقع پر دبئی کی کمپنی ٹین سپورٹس نے کوریج کی تھی اور انہیں سونی کے چینل پر نشر کیا گیا تھا۔ اس مرتبہ بھی بورڈ کو امید ہے کہ وہ عدالت سے ایسی ہی اجازت لینے میں کامیاب رہیں گے۔ لیکن بورڈ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی سیریز کے دوران کئے جانے والے عارضی انتظامات سے ان کو بہت نقصان ہوا تھا۔ لیکن ٹی وی کوریج چونکہ آئی سی سی کی شرط ہے لہذٰا انہیں اس مرتبہ بھی اس سلسلے میں کچھ کرنا پڑے گا۔ |