فٹبال کے لیے نئی گول ٹیکنالوجی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اب ایک ایسی فٹبال ایجاد کر لی گئی ہے، جس کے نتیجے میں گول ہونے اور نہ ہونے پر پیدا ہونے والے تنازعات ختم ہو جائیں گے۔ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا پہلی بار ستمبر میں ہونے والے انڈر ٹونٹی کے عالمی مقابلوں کے لیے ایک ایسی فٹبال کو آزما رہی ہے جس سے گول ہونے کے تنازعے ختم ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے تیار کی جانے والی فٹبال میں ایک ایسی چپ یا چھوٹا سا ٹکڑا لگا ہوا ہو گا جو گول لائن سے گزرتے ہی گول کے پولز میں موجود برقی رو کے سگنل کو متحرک کر دے گا اور یہ سگنل فورآً ہی ریفری کے پاس موجود سگنل دینے والے آلے میں آواز پیدا کرنے لگے گا جس سے ریفری کو علم ہو جائے گا کہ بال گول لائن عبور کر گئی ہے۔ یہ فٹبال کھیلوں کا سامان تیار کرنے والے ادارے ایڈیڈاس نے تیار کی ہے اور فیفا کے بورڈ کے سامنے اس کا مظاہرہ بھی کیا ہے۔ جس کے بعد بورڈ نے اس فٹبال کی آزمائش کی اجازت دے دی ہے۔ اس فٹبال کا ایک فائدہ گول کے ہونے اور نہ ہونے پر ہونے والے تنازعات کے علاوہ یہ بتایا گیا ہے کہ اس سے ان تنازعات کی وجہ سے کھیل نہ تو رکے گا اور نہ ہی وقت ضائع ہو گا۔ انگلش فٹبال ایسوسی ایشن نے بھی پریمئر لیگ اور فٹبال لیگ کے مقابلوں میں ایسی ہی فٹبال کا تجربہ کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے لیکن یہ فٹبال دیگر حریف اداروں کی تیار کی ہوئی ہوں گی۔ اس طرح کے فٹبال تیار کرنے پر خاص طور پر زیادہ توجہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے اس گول تنازعے کے بعد ہوئی جس میں گول کیپر رائے کیرول کے ہاتھ سے بال چھوٹ کر گول لائن سے اندر چلی گئی تھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||