عورتوں کے عالمی فٹبال مقابلے شروع  | | امریکی خاتون فٹبال سٹار ہیم نے خوب نام روشن کیا |
عورتوں کے ورلڈ کپ فٹ بال مقابلے جو کہ چین میں منعقد ہونے تھے لیکن ’سارز‘ کی وبا کے باعث وہاں نہ ہو پائے تھے، سنیچر سے امریکہ میں شروع ہو رہے ہیں۔ چار برس پہلے جب امریکی ٹیم نے یہ ورلڈ کپ جیتا تھا تو اس کھیل کا مستقبل بہت روشن دکھائی دیتا تھا لیکن امریکہ میں کسی کھیل کو اسی وقت کامیابی حاصل ہو سکتی ہے جب کاروباری ادارے ٹیلی ویژن پر اس کے لیے اشتہار مہیا کریں۔ بدقسمتی سے امریکی ٹی وی کے ناظرین بیس بال، باسکٹ بال، آئس ہاکی اور رگبی نما امریکی فٹبال کے سحر سے آزاد نہ ہو سکے اور اسطرح زنانہ فٹبال امریکہ میں کوئی مقام حاصل نہ کر سکا۔ اس ہفتے مالی مشکلات کے باعث ”امیریکن لیگ” بند کر دی گئ ہے چناچہ امریکہ میں اس کھیل کا فوری مستقبل روشن نظر نہیں آتا ایشیا میں البتہ زنانہ فٹبال کی پذیرائی بدستور جاری ہے جبکہ افریقہ اور لاطینی امریکہ میں بھی کاروباری کمپنیوں کے دباؤ سے آزاد اور اشتہاروں کی بھیک سے بے نیاز ہو کر یہ کھیل ترقی کے زینے طے کر رہا ہے اور آج شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں ان ممالک کی ٹیمیں بڑے جوش و خروش سے حصہ لے رہی ہیں۔ |