سیریز منسوخ نہیں ہوگی: مہندرا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدرکا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز کی ٹی وی کوریج کے نشری حقوق پر تنازعہ کے باوجود یہ سیریز ضرور منعقد ہوگی۔ رنبھیر سنگھ مہندرا نے کہا ’ہمیں یقین ہے کہ اس مسلے کا کچھ نہ کچھ حل ضرور نکل آئے گا جیسے ہی عدالت کا فیصلہ آئےگا ہم تیزی کے ساتھ کام شروع کر دیں گے‘۔ زی ٹی وی جس نے 241 ملین ڈالر کے ٹی وی کے نشری حقوق منسوخ کرنے کے بورڈ کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے اب ایک سمجھوتے کی پیشکش کی ہے۔ انڈین کرکٹ بورڈ اور زی ٹی وی کے درمیان پچھلے سال ستمبر میں چار برس کے لئے دو سو اکتالیس ملین پاؤنڈ کا معاہدہ ہوا تھا جسے بعد میں بورڈ نے منسوخ کردیا تھا اور اب اس سلسلے میں مدراس ہائی کورٹ میں ایک مقدمہ چل رہا ہے۔ بورڈ کو ایک خط میں اب زی ٹی وی نے یہ پیشکش کی ہے کہ عدالت کے حتمی فیصلے تک اسے صرف یہ سیریز نشر کرنے کی اجازت دی جائے یعنی زی ٹی وی یہ سیریز ’ون آف‘ کے طور پر دکھانا چاہتا ہے۔ زی ٹی وی نے بورڈ کو یہ بھی لکھا ہے کہ کمپنی کو صرف’ باہمی طور پر طے شدہ‘ پروڈکشن کی قیمت ہی ادا کی جائے۔ خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ ذی ٹی وی اپنی ذمےداری پر ایسا کر رہا ہے۔ دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سے قبل آنے والی ان خبروں پر تشویش ظاہر کی تھی کہ جب تک یہ مسلہ عدالت میں حل نہیں ہوتا تب تک کے لئے یہ سیریز ملتوی کی جا سکتی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح دونوں ملکوں کے کرکٹ شائقین کو مایوسی ہوگی جو اس سیریز کا بے صبری سے انتظار کرہے ہیں۔ اس کے علاوہ اس دورے کو مزید ملتوی بھی نہیں کیا جا سکتا کیونکہ پاکستان مئی کے اوائیل میں ویسٹ انڈیز کا دورہ کر رہا ہے۔ پاکستانی ٹیم کو پیر کے دن بھارت پہنچنا ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچ اور چھ ون ڈے ہوں گے۔ اس سے پہلے بھی اس دورے کو ملتوی کیا جا چکا ہے جب پاکستان نے سکیورٹی کے خدشات کے پیش نظر احمدآباد میں ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||