احمد آباد کے بجائے کلکتہ: نئی تجویز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان کرکٹ بورڈ کو یہ تجویز پیش کی ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم دورۂ بھارت میں احمد آباد کے بجائے ٹیسٹ میچ کولکتہ میں کھیلے جبکہ ون ڈے سیریز پانچ کے بجائے چھ میچوں پر مشتمل ہو اور ان میں سے ایک ون ڈے انٹرنیشنل احمد آباد میں کھیلا جائے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ تجویز دہلی میں ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس ردعمل کے جواب میں سامنے آئی ہے جس میں اس نے احمد آباد میں ٹیسٹ نہ کھیلنے کے اپنے موقف کو تبدیل کرنے سے انکار کردیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے جمعرات کی صبح بھارتی وزیرخارجہ نٹور سنگھ سے ناشتے پر ملاقات کی تھی جس میں احمد آباد کا تنازعہ حکومتوں کے بجائے کرکٹ بورڈز کے ذریعے طے کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریارخان نے اس سلسلے میں بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ احمد آباد کے بجائے کلکتہ میں ٹیسٹ میچ کےانعقاد کا فیصلہ بہت مناسب ہے لیکن جہاں تک احمدآباد میں ایک روزہ میچ کھیلنے کی بات ہے تو اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ ایک بار پھر پاکستانی حکومت سے رجوع کرے گا اور مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔ بی بی سی اردو کے دلی بیورو کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری رن بیر سنگھ مہندرا نے کہا ہے کہ نئے پروگرام کے تحت کھیلوں کی جگہوں اور تاریخ کا نظام الاوقات ازسرِنو طے کرنا پڑ سکتا ہے اور ممکن ہے انہیں وجوہات کے سبب دونوں ملکوں کے درمیان آئندہ کرکٹ سیریز وقت مقررہ پر شروع ہونے کے بجائے چار یا پانچ روز کی تاخیر سے شروع ہو۔ جمعرات کے روز صورتحال بڑی تیزی سے تبدیل ہوتی رہی ہے اور اب تازہ ترین صورتحال کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ احمد آباد کے بجائے کولکتہ میں ٹیسٹ اور احمد آباد میں اضافی ون ڈے کرانے کی تجویز پیش کی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||