 |  پاک بھارت کھلاڑی دیگر سیریز میں مصروف ہوں گے |
آئندہ برس قطر میں منعقد ہونے والی ایشیئن گیمز میں کرکٹ کو شامل نہیں کیا گیا ہے کیونکہ اُس وقت ایشیائی ممالک کے ممتاز کرکٹر فارغ نہیں ہوں گے۔ ایشیئن گیمز یکم دسمبر 2006 سے دوحہ میں شروع ہو رہی ہیں۔ بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں دسمبر سنہ دو ہزار چھ میں دورے پر ہوں گی جبکہ پاکستانی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کھیل رہی ہو گی۔ ایشیائی ممالک کی اولمپک ایسوسی ایشن کے خیال میں جونیئر کرکٹ ٹیموں کو کھیلانے کی تجاویز ناقابلِ قبول ہیں۔ ایشیائی اولمپک کمیٹی کے رندھیر سنگھ کا کہنا ہے کہ ’ہم اس بات پر اٹل ہیں کہ کرکٹ کی اعلیٰ ٹیموں ہی کو ایشیئن گیمز میں حصہ لینا چاہیے۔ اس لیے ہم نے کرکٹ کو کھیلوں کی فہرست سے ہی خارج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘ مختلف کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں میں کرکٹ کو کم ہی شامل کیا گیا ہے۔ 1998 میں کوالالمپور میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلوی ٹیم کو فائنل میں شکست دی تھی۔ تاہم کرکٹ کو 2002 میں مانچسٹر میں ہونے والے کھیلوں میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ کرکٹ کو آخری بار 1900 میں پیرس میں ہونے والے اولمپک کھیلوں میں شامل کیا گیا جس کا فائنل انگلینڈ نے فرانس کی ٹیم کو ہرا کر جیتا تھا۔ تاہم انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے 2012 کے اولمپکس لندن میں منعقد ہونے کی صورت میں کرکٹ کے ٹونٹی ٹونٹی میچوں کو شامل کرنے کے لیے کوششوں کا آغاز کر دیا ہے۔ |