شعیب اختر کی جواب طلبی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فاسٹ بولر شعیب اختر نے جمعہ کو لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان سے ملاقات کی ہے۔ ان فٹ ہونے کے نتیجے میں آسٹریلیا سے وطن واپس آنے کے بعد شعیب اختر کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ سے یہ پہلا رابطہ تھا۔ اطلاعات کے مطابق شہریارخان نے ان سے آسٹریلیا میں ان کے رویے اور فٹنس کے علاوہ وطن واپسی پر دیے گئے متنازعہ انٹرویوز کے سلسلے میں پیر تک تحریری وضاحت طلب کرلی ہے۔ شہریارخان نےشعیب اختر پر واضح کردیا ہے کہ اگر وہ فٹ نہیں ہوئے تو بھارت کےدورے کے لیے ان کے سلیکشن پر غور نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پریس ریلیز میں اگرچہ کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی ہے لیکن انتہائی مصدقہ ذرائع کے مطابق ان سے آسٹریلیا میں نائٹ کلب کی تصاویر، وطن واپسی کے بعد پی سی بی کے ٹرینر کو رپورٹ نہ کرنے، اپنے طور پر ڈاکٹر توصیف رزاق کے ساتھ ٹریننگ کرنے اور اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرنے پر شعیب اختر سے باز پرس کی گئی ہے۔ شعیب اختر آسٹریلیا میں دو ٹیسٹ کھیلنے کے بعد ان فٹ ہوگئے تھے اور ون ڈے سیریز کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں وطن واپس بلالیا تھا ۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ موجودہ حالات میں شعیب اختر کے لیے پاکستانی ٹیم میں واپسی آسان نہیں ہوگی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||