 |  آسٹریلیا دونوں میچوں میں زیادہ سکور حاصل نہیں کر سکا |
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق دورہ بھارت سے پہلے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں خاصے پر امید نظر آتے ہیں۔ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کے بعد ایک روزہ میچوں کے مقابلوں میں بھی شکست کھانے کے بعد انضمام پاکستانی کرکٹ کے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مایوس نہیں۔ آسٹریلیا کے دورے کے دوران پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کئی کھلاڑی زخمی ہو گئے۔ پاکستان کے تیز رفتار بالر شبیر احمد اور عمر گل پورے دورے کے دوران زخمی ہونے کے پاس کھیل نہیں پائے۔ محمد سمیع سیریز کو ادھورا چھوڑ کر واپس چلے گئے جب کہ شعیب اختر ایک روزہ سیریز میں حصہ نہیں لے پائے۔ اتنے کھلاڑیوں کے زخمی ہوجانے کے باوجود پاکستان نے وی بی سیریز کے دونوں فائنل مقابلوں میں آسٹریلیا کو ایک سو انتالیس رن تک محدود رکھا۔ تاہم بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کی بنا پر وہ یہ دونوں میچ معمولی رن سے ہار گئے۔ انضمام نے کہا کہ وہ ٹیسٹ سیریز اچھی کارکردگی پیش نہ کر سکے لیکن ایک روزہ میچوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بہت بہتر کھیل پیش کیا۔ انہوں نے کہا پاکستانی کھلاڑیوں نے ایک روزہ سیریز کے مقابلوں اور خاص طور پر آخری تین چار میچوں میں بہت اطمنان بحش کارکردگی پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کے تمام کھلاڑیوں نے بہت محنت کی اور اپنی پوری کوشش کی۔ انضمام نے کہا کہ بھارت کا دورہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے بہت اہم ہے اور اگر پاکستان کرکٹ ٹیم بہتر کارکردگی پیش کرتے رہی تو بہتر نتائج ضرور سامنے آئیں گے۔ |