دلی اور کانپور میں میچ مشکوک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی کرکٹ بورڈ کے حکام نے کانپور کے گرین اسٹیڈیم کی حالت پر تشویش ظاہر کی ہے۔ اس نے کہا ہے کہ مقامی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہاں میچ صحیح طریقے سےکرانے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ منصوبے کے مطابق ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آئندہ سیریز کا ایک ون ڈے میچ کانپور گراؤنڈ پر بھی کھیلا جائیگا۔ اتوار کو پی سی بی کے جنرل مینیجر آپریشنز، ذاکر خان اور اسپیشل سپریٹنڈینٹ آف پولیس سہیل خان نے کانپور کے گراؤنڈ کا معائنہ کرنے کے بعد کہا ہے کہ اسٹیڈیم کی اسٹوڈنٹ اور پبلک گیلری اور چہار دیواری بوسیدہ حالت میں ہے۔ ذاکر خان کا کہنا تھا کہ یہ مقامی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ کھیل کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ اگر کچھ ہوا تو لوگ زخمی ہوسکتے ہیں یا پھر دورسرے حادثات کا بھی اندیشہ ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق گرین پارک اسٹیڈیم کا ڈریسنگ روم بھی اس حالت میں نہیں ہے کہ کھلاڑیوں کے لیے اطمینان بخش ہو۔ ادھر پاکستانی وفد نے آج دلی کے فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ کا معائنہ کیا ہے۔ یہ گراؤنڈ بھی ابھی تیار نہیں ہے۔ پاکستان وفد نے اس سلسلے میں بھارت کے حکام سے بات کی ہے اور کہا ہے کہ ایسی نا مکمل پچوں پر تو کھیل ممکن نہیں ہے۔ ہندوستان میں کرکٹ بورڈ کے ارکان نے یقین دلایا ہے کہ کھیل ہونے تک پچ مکمل طور پر تیار ہو جائے گی۔ پچ تیار کرنے کی ذمہ داری چیتن چوہان پر ہے اور انہوں نے بھی بی بی سی کو بتایا ہے کہ کھیل کے وقت تک پچ تیار کرلی جائے گی۔ لیکن بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ اتنی جلدی پچ تیار کرنا مشکل ہوگا۔ ایسی صورت میں کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم اور دلی کے فیروزشاہ کوٹلہ گراؤنڈ پر کھیلنا مشکوک ہے۔ پاکستانی کرکٹ بورڈ کا دو رکنی وفد آئندہ سیریز کے سلسلے میں کھیلوں کی جگہوں اور سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لیے ہندوستان کے دورے پر ہے۔ اب تک اس وفد نے بیشتر مقامات کا دورہ کرلیا ہے۔ سب سے زیادہ فکر احمدآباد کے متعلق تھی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ٹیسٹ کی تجویز ہے۔ احمدآباد میں سن دو ہزار دو میں فرقہ وارانہ فسادات کے سبب حالات اب بھی کشیدہ بتائے جاتے ہیں۔ لیکن اطلاعات کے مطابق پاکستانی وفد نے وہاں سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||