پاک بھارت سیریز کے لیے مراکز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورۂ بھارت میں مقابلوں کے مقامات کا اعلان کردیا ہے۔ سیریز کے دوران ٹیسٹ میچ موہالی، بنگلور اور احمد آباد میں کھیلے جائیں گے جبکہ ایک روزہ مقابلے نئی دِلّی، وشاکاپٹنم ، کانپور ، جمشید پور اور کوچی میں کھیلے جائیں گے۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ابھی یہ فہرست حتمی نہیں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر عباس زیدی نے بی بی سی کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا دو رکنی وفد چوبیس جنوری کو بھارت جارہا ہے جہاں وہ ان اعلان کردہ تمام مقامات پر حفاظت کی اور دیگر سہولتوں کا جائزہ لے گا۔ اُس کی رپورٹ کی بنیاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ بھارتی کرکٹ بورڈ کو ان مقامات پر مقابلے کے انعقاد کے بارے میں اپنے جواب سے مطلع کردے گا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پہلے چنئی میں ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب اسے تبدیل کرکے احمد آباد کردیا گیا ہے جہاں ہندو مسلم فسادات ہوتے رہے ہیں۔ دفترِخارجہ کے ترجمان مسعود خان کے مطابق احمد آباد میں ٹیسٹ میچ کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بگلیہار ڈیم تنازعہ اس کرکٹ سیریز پر اثر انداز نہیں ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ممبئی میں میچ نہ کھیلنے کے بارے میں کسی قسم کے خدشات ظاہر نہیں کئے گئے تھے کیونکہ اگر ایسا ہوتا تو پھر احمد آباد میں بھی ٹیسٹ نہ رکھا جاتا ان کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے روٹیشن کی پالیسی کے تحت شہروں کا انتخاب کیا ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میانداد نے ممبئی میں ٹیسٹ یا ون ڈے نہ رکھے جانے پر افسوس ظاہر کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال انہوں نے بال ٹھاکر ے سے ملاقات میں ممبئی میں پاکستانی ٹیم کے میچ کی بابت بات کی تھی جس پر بال ٹھاکرے نے انہیں یقین دلایا تھا کہ انہیں ممبئی میں پاکستانی ٹیم کے کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ ممبئی میں پاکستانی ٹیم نے آخری بار 80-1979ء میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم چھ سال بعد بھارت جارہی ہے۔ انیس سو ننانوے میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی جبکہ ایشیائی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا مقابلہ پاکستان نے جیتا تھا۔ اس ٹیم کے کپتان وسیم اکرم اورمینیجر شہریارخان تھےجو اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||