ممبئی، کلکتہ میں میچ نہیں ہو گا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورۂ بھارت میں کھیلے جانے والے تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کے مقامات کا اعلان بیس جنوری کو ہونے والا ہے۔ تاہم معلوم ہوا ہے کہ ممبئی اور کلکتہ ان شہروں میں شامل نہیں ہیں جہاں پاکستانی ٹیم میچز کھیلے گی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے جن شہروں میں ٹیسٹ سیریز کھلانے کا فیصلہ کیا ہے ان میں موہالی، چنائی اور بنگلور شامل ہیں جبکہ ون ڈے سیریز کے لئے کوچی، جمشید پور، کانپور اور وشاکا پٹنم کے ناموں پر اصولی اتفاق ہوا ہے۔ بھارتی شدت پسند تنظیم شیو سینا کی دھمکیوں کے سبب پاکستانی ٹیم نے 1999 میں اپنے آخری دورۂ بھارت میں ممبئی میں میچ نہیں کھیلا تھا۔ ممبئی میں پاکستانی ٹیم نے آخری مرتبہ 80 - 1979 کے دورے میں ٹیسٹ کھیلا تھا جبکہ کلکتہ میں پاکستانی ٹیم اپنے ہردورے میں باقاعدگی سےمیچ کھیلتی رہی ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میانداد کے حال ہی میں بھارت کے دورے میں بال ٹھاکرے سے ملاقات کے بعد یہ توقع تھی کہ پاکستانی ٹیم اب ممبئی میں میچ کھیلے گی۔ اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے روٹیشن کی پالیسی بنائی ہے جس کے تحت وہ ہر سنٹر کو میچ کی میزبانی دیتا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں کی تاریخوں کا پہلے ہی اعلان کردیا ہے جس کے مطابق پاکستانی ٹیم دورے کا آغاز ستائیس فروری سے یکم مارچ تک کھیلے جانے والے سہ روزہ میچ سے کرے گی۔ پہلا ٹیسٹ چار سے آٹھ مارچ تک کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ بارہ سے سولہ مارچ تک ہوگا جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ بیس سے چوبیس مارچ تک کھیلا جائے گا۔ پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ اٹھائیس مارچ، دوسرا میچ اکتیس مارچ، تیسرا میچ تین اپریل کو ہوگا۔ چوتھا میچ چھ اپریل اور آخری ون ڈے نو اپریل کو کھیلا جائے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||