کرکٹ سکیورٹی وفد بھارت جائے گا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورۂ بھارت کے لیے سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لیے دو رکنی سکیورٹی وفد آئندہ چند روز میں بھارت جارہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے جنرل منیجر کرکٹ آپریشنز ذاکر خان اور لاہور پولیس کے سینئرافسر سہیل خان بھارت جارہے ہیں۔ یہ دو رکنی وفد ان شہروں کا دورہ کرکے سکیورٹی کا جائزہ لیں گے جہاں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے میچ کھیلنے ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ابھی تک ان شہروں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے جہاں پاکستانی ٹیم تین ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گی۔ اس بارے میں شہریارخان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم ممبئی سمیت کسی بھی جگہ کھیلنے کے لیے تیار ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ معاملہ بھارتی کرکٹ بورڈ پر چھوڑا ہے کہ ٹیسٹ اور ایک روزہ مقابلے کہاں ہوں گے۔ شہریارخان کا کہنا ہے کہ ذاکر خان اور سہیل خان چنئی، بنگلور، کانپور اور موہالی جائیں گے جہاں میچز کے امکانات زیادہ ہیں یہ دونوں ممبئی بھی جائیں گے۔ دو رکنی سکیورٹی وفد کی پاکستان واپسی کے بعد ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے مقامات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ پاکستانی ٹیم 1999 کے بعد بھارت کا دورہ کررہی ہے دونوں ملکوں کے تعلقات کی حساس نوعیت کو دیکھتے ہوئے شہریارخان نے بتایا کہ اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ مینیجر کے طور پر کسی ذمہ دار شخصیت کو بھارت بھیجا جائے۔ واضح رہے کہ 1999 میں بھارت کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم کے مینیجر کے طور پر حکومت پاکستان کی ہدایت پر پاکستان نے وسیع سفارتی تجربے کی بنیاد پر شہریارخان کا انتخاب کیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||