کرکٹ بورڈ: کوچ کو ہدایات | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان آسٹریلیا میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی سے سخت پریشان ہیں اور انہوں نے کپتان اور کوچ کو انتباہ کیا ہے کہ ون ڈے سیریز میں ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا انہوں نے کوچ باب وولمر کو ہدایت کی ہے کہ کوچنگ پر توجہ مرکوز رکھیں اور بیان بازی سے باز رہیں۔ شہریارخان جنہوں ٹیسٹ سیریز میں تین صفر کی ہزیمت کے باوجود انضمام الحق اور باب وولمر پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ سہ فریقی ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل ٹیم کو ایک خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے خراب کارکردگی پر کرکٹ بورڈ اور عوام کی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم منیجمنٹ اور کھلاڑیوں کی کھیل سے دلچسپی اور دوسرے پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے اور اگر کہیں کوتاہی نظرآئی تو ذمہ دار نہیں بچے گا کیونکہ کوئی بھی کھلاڑی ٹیم سے بڑا نہیں ہے۔ شہریارخان نے کہا ہے کہ انہیں سب سے زیادہ مایوسی اس بات پر ہوئی ہے کہ ٹیم نے فائٹنگ اسپرٹ نہیں دکھائی۔ انضمام الحق کی ون ڈے سیریز میں شرکت مشکوک ہونے کے بارے میں سوال پر شہریارخان نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ ٹیم منیجمنٹ نے ان کی چوٹ کے بارے میں حقائق چھپائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹنس کے بارے میں درست بات کھلاڑی خود ہی بتاتا ہے انضمام الحق ایک باوقار کھلاڑی ہے جو ماضی میں متعدد مرتبہ فٹ نہ ہونے کے باوجود میچ صرف اس لئے کھیلے تھے کہ ٹیم کو اس کی ضرورت تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کوچ باب وولمر کے غیرضروری بیانات سے بھی خوش نہیں ہیں اور انہوں نے انہیں تاکید کی ہے کہ وہ کوچنگ پر توجہ مرکوز رکھیں اور ہر روز بیانات اور وضاحتیں کرنے سے گریز کریں۔ پاکستان میں کرکٹ کے حلقے آئندہ ماہ پاکستانی ٹیم کے بھارت کے دورے کے لئے ٹیم میں غیرمعمولی تبدیلیوں کی بات کررہے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||