BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 16 June, 2004, 15:14 GMT 20:14 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
میانداد برطرف، وولمر کوچ مقرر

جاوید میانداد
میانداد کئی روز سے اپنے خلاف ہونے والی تنقید پر مایوسی کا اظہار کر رہے تھے
پاکستان کرکٹ بورڈ نے جاوید میانداد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ کے عہدے سے ہٹادیا ہے اور ان کی جگہ جنوبی افریقہ کے سابق کوچ باب وولمر کو یہ ذمہ داری سونپ دی ہے۔

اس بات کا اعلان پاکستان کے کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان نے ایک اخباری کانفرنس میں کیا۔

باب وولمر دو جولائی کو پاکستان پہنچ کر کوچ کا عہدہ سنبھال لیں گے۔

جاوید میانداد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ کے عہدے سے ہٹائے جانے کا فیصلہ اس لئے حیران کن معلوم ہوتا ہے کہ چیئرمین شہریار خان نے ایک سے زائد بار یہ واضح کردیا تھاکہ میانداد اپریل2005 تک اپنی مدت پوری کرینگے۔

لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ انہیں کوچ کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرچکا تھا جس کی وجہ مبصرین کے خیال میں بھارت کے خلاف شکست ہے۔

شہریارخان اس بات سے متفق نہیں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ باب وولمر کی تقرری کا مقصد پاکستان کرکٹ ٹیم کو کوچنگ کے جدید طریقوں سے ہم آہنگ کرکے عصرحاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے ۔

شہریارخان کا کہنا ہے کہ وہ جاویدمیانداد کو بھارت کے خلاف شکست کا ذمہ دار نہیں سمجھتے ۔

چھپن سالہ باب وولمر کا شمار عصر حاضر کے کامیاب کوچز میں ہوتا ہے۔ ان کے وسیع تجربے سے جنوبی افریقہ نے بہت فائدہ اٹھایا۔

جنوبی افریقہ کو اگر کامیابی سے ہمکنار کرنے میں ہنسی کرونئے نے اہم کردار ادا کیا تو وولمر بھی ان سے پیچھے نہ تھے۔

اس کے علاوہ انگلش کاؤنٹی وارک شائر نے بھی وولمر کی خدمات حاصل کیں۔

وولمر اسوقت آئی سی سی کے ہائی پرفارمنس منیجر کی ذمہ داری نبھارہے ہیں اور گزشتہ دنوں وہ پاکستان بھی آئے تھے غالباً اسی دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان سے رابطہ کرکے کوچ کی پیشکش کی تھی ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ باب وولمر کو مکمل اختیارات دیئے جائیں گے ۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ چند روز قبل ہی جاوید میانداد نے لاہور میں صحافیوں کے روبرو اختیارات دینے کا مطالبہ کیا تھا لیکن مبصرین کا کہنا ہے کہ تیسری مرتبہ کوچ بننے والے جاویدمیانداد سابقہ دو تلخ تجربات کے باوجود اس مرتبہ مکمل اختیارات کے ساتھ کیوں کوچ نہیں بنے اور بعد میں انہوں نے بے اختیار ہونے کا شور مچایا ۔

یہ بات انتہائی افسوسناک معلوم ہوتی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا انتہائی کامیاب ترین بیٹسمین بحیثیت کوچ ہمیشہ الجھاوے اور تنازعات کا شکار رہا ۔ بحیثیت کوچ ان کے تینوں ادوار ہنگامہ خیز لیکن نامکمل ختم ہوئے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ ہارون رشید ٹیم منیجر کی ذمہ داری بدستور نبھاتے رہینگے ان کی معاہدہ بھارت کے خلاف سیریز کےبعد ختم ہوگیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ باب وولمر سے کیا گیا معاہدہ میانداد سے ہونے والے معاہدے سے مختلف نہیں ۔ میانداد سے قبل ازوقت معاہدہ ختم کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ انہیں بقیہ مدت کی رقم ادا کرے گا۔

باب وولمر کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے اینڈی گرے کو ٹرینر مقرر کیا ہے اس طرح باب وولمر ، اینڈی گرے ، گریگ چیپل ، بیری رچرڈز اور ڈیرل فوسٹر کی موجودگی میں پاکستان کرکٹ کا پورا سیٹ اپ غیرملکی ماہرین پر مشتمل ہوگا۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد