میانداد کوچ رہیں گے، شہریارخان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ جاویدمیانداد نے بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان سے ملاقات کی ۔ یہ ملاقات لاہور میں شہریارخان کی رہائش گاہ پر ہوئی ۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ یہ بات سمجھنے سے قاصر ہیں کہ بحیثیت کوچ جاوید میانداد کے مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیاں کیوں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی یہ بات واضح کرچکے ہیں کہ انضمام الحق اس سال پاکستان کرکٹ ٹیم کےکپتان برقرار رہیں گے اور جاوید میانداد بھی اپنی ذمہ داری نبھاتے رہیں گے۔ شہریارخان نے بحیثیت منیجر ہارون رشید پر بھی اعتماد ظاہر کیا۔ جاوید میانداد سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ اس میں بھارت کے خلاف سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر بات ہوئی۔ شعیب اختر کے دوبارہ ان فٹ ہوجانے کے سوال پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ پیر کے روز فاسٹ بولر کی تمام میڈیکل رپورٹس ڈرہم کاؤنٹی کو بھجواچکا ہے جس کے لئے کاؤنٹی نے اسے کہا تھا۔ شہریارخان نے کہا کہ جب شعیب اختر ان سے آرام کا وعدہ کرکے انگلینڈ گئے تھے تو یہ ان کی ذمہ داری بنتی تھی کہ وہ ڈرہم کاؤنٹی کو اپنے ان فٹ ہونے کے بارے میں حقیقت سے آگاہ کرتے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب اختر کی فٹنس کے بارے میں ان کی پریس کانفرنس کی تفصیل بھی ان رپورٹس کے ساتھ ڈرہم کاؤنٹی کو بھیج دی تھی تاکہ اسے اصل صورتحال کا پتہ رہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||