بھارتی ٹیم: دس مارچ سے دورہ شروع | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے پروگرام کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے تحت دورے کا آغاز تیرہ مارچ کو کراچی میں ایک روزہ میچ سے ہوگا۔ بھارتی کرکٹ ٹیم نظرثانی شدہ پروگرام کے تحت اب دس مارچ کو لاہور پہنچے گی جہاں وہ اگلے ہی روز گیارہ مارچ کو ایک غیر سرکاری ایک روزہ میچ کھیلے گی۔
پروگرام میں کوئی سہ روزہ میچ شامل نہیں ہے۔ دورے کا آغاز ایک روزہ میچوں کی سیریز سے ہوگا۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل تیرہ مارچ کو کراچی میں، دوسرا سولہ مارچ کو راولپنڈی میں، تیسرا انیس مارچ کو پشاور میں اور آخری دو میچ اکیس اور چوبیس مارچ کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ اٹھائیس مارچ سے یکم اپریل تک ملتان میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ پانچ سے نو اپریل تک لاہور میں اور تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ تیرہ سے سترہ اپریل تک راولپنڈی میں ہوگا۔ سیکیورٹی کے بارے میں تشویش کے باعث کراچی اور پشاور میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں رکھا گیا۔ اس کے علاوہ اس سیریز میں فیصل آباد میں کوئی میچ نہیں ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کراچی اور پشاور میں ایک روزہ میچوں کے انعقاد کو ہی بڑی کامیابی قرار دے رہا ہے۔ جبکہ کراچی، فیصل آباد اور پشاور کے کرکٹ حلقوں کا خیال ہے پاکستان کرکٹ بورڈ بھارتی کرکٹ بورڈ کی شرائط اور خواہشات کے سامنے بے بس ہوکر اپنے ہی دیس میں مہمان بن گیا ہے۔
کراچی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سراج الاسلام بخاری نے کہا ہے کہ لگتا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بھارتی کرکٹ بورڈ کی ’ڈکٹیشن‘ پر چل رہا ہے کیونکہ کراچی میں سکیورٹی کی تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کراچی میں ٹیسٹ نہ کھیلنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا سرتسلیم خم کرنا مایوس کن ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||