وقاریونس پر عدم اعتماد | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وسیم باری کی سربراہی میں قائم قومی سلیکشن کمیٹی نے ہفتے کو اپنے پہلے اجلاس میں بھارت کے خلاف سیریز کی تیاری کے لئے چوبیس فروری سے لاہور میں شروع ہونے والے قومی کیمپ کے لئے جن بائیس کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے ان میں وقاریونس شامل نہیں ہیں۔ ان کے علاوہ راشد لطیف اور شاہد آفریدی بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقاریونس نے بھارت کے خلاف ہوم سیریز میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ لیکن قومی سلیکشن کمیٹی نے انہیں ابتدائی فہرست میں شامل نہیں کیا ہے۔ چیف سلیکٹر وسیم باری کا اس بارے میں کہنا ہے کہ یہ حتمی فہرست نہیں ہے۔ انہوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وقاریونس سمیت ہر کھلاڑی کے انتخاب پر غور ہوگا لیکن ہر کھلاڑی کو میدان میں پرفارمنس دکھانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو قائد اعظم ٹرافی کے دو راؤنڈز ملیں گے جس میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو سلیکٹرز مانیٹر کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ کے لئے پاکستان ٹیم کا اعلان 8 مارچ کو کرنے کا مقصد یہی ہے کہ قائداعظم ٹرافی اور بھارت کے خلاف سہ روزہ میچ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی سامنے رہے۔ انہوں نے کہا کہ رانا نوید الحسن ، شاداب کبیر، بازید خان اور راؤ افتخار کو ڈومیسٹک سیزن کی کارکردگی پر کیمپ میں شامل کیا گیا ہے ۔ وسیم باری کے مطابق کیمپ کے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کپتان انضمام الحق اور کوچ جاوید میانداد سے بھی مشورہ کیا گیا ہے۔ کیمپ کے لئے منتخب کردہ کھلاڑی یہ ہیں: عمران فرحت ، توفیق عمر ، یاسرحمید ، یوسف یوحنا ، انضمام الحق ، عاصم کمال ، مصباح الحق ، یونس خان ، بازید خان ، فیصل اقبال، عبدالرزاق، شعیب ملک، ثقلین مشتاق، دانش کنیریا، معین خان، شعیب اختر، محمد سمیع، شبیر احمد، عمرگل، رانا نوید الحسن، راؤ افتخار اور شاداب کبیر۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||