فول پروف حفاظتی انتظامات کا حکم | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے وزیر اعظم میر ظفراللہ خان جمالی نے حکم دیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورے کے موقع پر ’فول پروف‘ حفاظتی انتظامات کئے جائیں۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی نے سرکاری ذرائع سے خبر دی ہے کہ وزیر اعظم نے کرکٹ بورڈ کو حکم دیا ہے کہ بورڈ کے صدر دفتر میں کنٹرول روم قائم کیا جائے جو ہر قسم کی ایمرجنسی سے نمٹ سکے۔ وزیر اعظم جمالی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورے کے بارے میں وزیر اعظم واجپئی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی اور شائقین کو دلچسپ کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ اس سے قبل بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کرکے ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ کردیا تھا جس نے گزشتہ کچھ روز سے اس خطے کو اپنے حصار میں لے رکھا تھا۔ وزیراعظم واجپئی نے یہ فیصلہ جمعہ کی شب ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا جس کے بعد وزیرخارجہ یشونت سنہا نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کا دورۂ پاکستان طے شدہ پروگرام کے تحت برقرار رہے گا۔ وزیراعظم واجپائی اور وزیرخارجہ یشونت سنہا نے جمعہ کی شب ایک اہم اجلاس میں دورے کے ضمن میں تفصیلی غور وخوص کے بعد فیصلہ کیا کہ خطے میں امن کی کوششوں کے تناظر میں یہ دورہ ضروری ہے اور ان کوششوں میں دورے کی موجودہ بے یقینی مناسب نہیں۔ دونوں ممالک کے خارجہ سیکریٹریز پیر کو ملاقات کررہے ہیں جس میں کرکٹ کو بھی بڑی اہمیت حاصل ہوگی۔ یاد رہے کہ چند روز سے مختلف حوالوں سے یہ خبریں سامنے آرہی تھیں کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان متعدد وجوہات کے سبب خطرے سے دوچار نظر آتا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر جگ موہن ڈالمیا اس دورے کو کچھ وقت کے لئے آگے بڑھادینے کے حق میں تھے اور انہوں نے یہ بات بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما پرامود مہاجن کے توسط سے آگے بڑھادی تھی لیکن ان کی اس تجویز کو پذیرائی نہ مل سکی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کو اب اپنے تین رکنی وفد کا انتظار ہے جو پیر کو اپنی رپورٹ پیش کرے گا جس کا تعلق کھلاڑیوں کی سکیورٹی اور سہولتوں کی فراہمی سے ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریارخان نے کہا ہے کہ انہیں پہلے بھی اس دورے کے سلسلے میں کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں تھا انہیں یقین تھا کہ یہ محض ذرائع ابلاغ ہی کی اطلاعات ہیں اور بھارتی ٹیم پاکستان ضرور آئے گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق نے بھارتی وزیراعظم کے تازہ ترین فیصلے کو اس خطے کی کرکٹ کے لئے خوش آئند قرار دیا تھا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ٹیم کے کچھ کھلاڑی سرحد پار سے آنے والی خبروں سے مایوس تھے انہیں اب سیریز ہونے کے فیصلے سے بہت خوشی ہوگی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||