پاکستانی بلے باز پھر ناکام، ایک رن سے شکست

متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں ایک کانٹے کے مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ایک رن سے ہرا دیا ہے۔
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 184 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان کی ٹیم میچ کے بیشتر حصے میں مضبوط پوزیشن میں رہی مگر آخری مرحلے میں پاکستانی بلے بازوں کی ناکامی ٹیم کے لیے بہت مہنگی پڑی۔
اوپنر احمد شہزاد 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان مصباح الحق 31 رنز بنا سکے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بلے باز جم کے نہیں کھیل سکا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے عمران طاہر اور وین پارنل نے تین تین جبکہ تسوتسوبے اور مورکل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
165 رنز تک پاکستان کی آدھی ٹیم ابھی باقی تھی مگر اگلے 17 رنز بہت مشکل ثابت ہوئے۔
اوپنر ناصر جمشید کو مورنی مورکل نے آؤٹ کیا جب کہ محمد حفیظ 28 رنز بنا کر پارنل کی گیند پر آوٹ ہوئے۔
شارجہ میں کھیلے جانے والے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستانی گیند باز شروع سے ہی جنوبی افریقہ پر حاوی رہے اور سپن بولروں نے بہترین گیند بازی کی۔ سعید اجمل نے چار جبکہ شاہد آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ سہیل تنویر نے دو جبکہ محمد عرفان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقہ کے کامیاب ترین بلے باز آٹھویں نمبر پر آنے والے وین پارنل رہے جنہوں نے 56 رنز بنائے۔
پاکستان کو پہلے اوور کی دوسری گیند پر ہی اس وقت کامیابی ملی جب عرفان نے انگرم کو آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کے آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی جے پی ڈومنی تھے جو 20 رنز بنا کر تنویر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
گریم سمتھ اجمل کی گیند پر سٹمپ ہوئے۔ انہوں نے بھی 20 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کو اس میچ کے لیے دو اہم کھلاڑیوں ڈیل سٹین اور ہاشم آملہ کی خدمات دستیاب نہیں تھیں۔ سٹین کو پہلے دو ون ڈے میچوں میں آرام دیا گیا ہے جبکہ ہاشم آملہ اپنے بچے کی ولادت کے بعد ابھی تک جنوبی افریقہ میں ہیں۔
ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ میں ناصر جمشید، شاہد آفریدی، محمد حفیظ اور عمراکمل کی شمولیت سے بیٹنگ کو تقویت ملی ہے۔
یہ دونوں ٹیمیں کُل 63 مرتبہ ایک روزہ میچوں میں مدِمقابل آئی ہیں جن میں سے صرف 20 پاکستان جیت سکا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین اب تک چھ ایک روزہ سیریز کھیلی جا چکی ہیں اور پاکستان تاحال فتح کا متلاشی ہے۔
رواں برس ہی جنوبی افریقہ نے پاکستان کو اپنے ملک میں تین دو کے فرق سے ون ڈے سیریز میں ہرایا تھا۔
جنوبی افریقہ ون ڈے رینکنگ میں اس وقت پانچویں اور پاکستان چھٹے درجے پر اور پاکستان کے خلاف سیریز میں شکست سے یہ پوزیشنز آپس میں بدل جائیں گی۔



