دبئی:گریم سمتھ کی ڈبل سنچری، برتری تین سو سے زیادہ

گریم سمتھ اپنی ڈبل سنچری مکمل کر چکے ہیں
،تصویر کا کیپشنگریم سمتھ اپنی ڈبل سنچری مکمل کر چکے ہیں

دبئی میں پاکستان کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں چار سو چودہ رنز مکمل کر لیے ہیں۔

جنوبی افریقہ کو پاکستان پر تین سو چودہ رنز سے زیادہ کی برتری حاصل ہے جبکہ اس کی چھ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88520" platform="highweb"/></link>

اس وقت کریز پر کپتان گریم سمتھ ڈبل سنچری بنائے کھڑے ہیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 27 اور پاکستان کے خلاف چوتھی سنچری مکمل کر چکے ہیں۔

ان کا ساتھ ابراہم ڈی ویلیئرز 139 رنز پر دے رہے ہیں جنہیں میدان میں آنے کے فوراً بعد اس وقت چانس ملا جب عدنان اکمل نے ان کا کیچ ڈراپ کر دیا۔

جمعرات کو پاکستان کو دن کی پہلی اور مجموعی طور پر چوتھی وکٹ جنوبی افریقہ کے سکور میں مزید 6 رنز کے بعد ملی جب نائٹ واچ مین ڈیل سٹین کو محمد عرفان نے آؤٹ کر دیا۔

جنوبی افریقہ نے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے تھے اور یوں اسے پاکستان پر 29 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

محمد عرفان نے دوسرے دن پاکستان کو لنچ سے قبل واحد کامیابی دلوائی
،تصویر کا کیپشنمحمد عرفان نے دوسرے دن پاکستان کو لنچ سے قبل واحد کامیابی دلوائی

پہلے دن جنوبی افریقہ کی تینوں وکٹیں پاکستانی سپنرز کے حصے میں آئیں۔ آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں اوپنر ایلویرو پیٹرسن 26 رنز بنا کر ذوالفقار بابر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے جبکہ ایلگر اور ژاک کیلس کی وکٹیں سعید اجمل نے حاصل کیں۔

اس سے قبل بیٹنگ لائن کی ناکامی کے بعد پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 99 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے نویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے ذوالفقار بابر 25 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر تھے اور جہاں چار پاکستانی بلے باز صفر پر آؤٹ ہوئے وہیں کُل چھ کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسوں میں بھی نہ پہنچ سکا۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے پاکستانی نژاد سپنر عمران طاہر نے پانچ وکٹیں لیں جو کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی بہترین کارکردگی ہے۔

پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔ پاکستان نے ابوظہبی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ سات وکٹوں سے جیتا تھا۔

ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ اس وقت پہلے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔

اس سیریز میں فتح پاکستان کو ٹیسٹ رینکنگ میں دوبارہ چوتھی پوزیشن دلوا سکتی ہے جو زمبابوے سے ٹیسٹ سیریز برابر ہونے کی وجہ سے اس سے چھن گئی تھی۔