جنوبی افریقہ کی تین وکٹیں گرگئیں

دبئی میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلےدن کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے ہیں۔ اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم 99 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئی تھی۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88520" platform="highweb"/></link>

جنوبی افریقہ نے اپنی اننگز کا عمدہ آغاز کیا۔ جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 37 کے مجموعی سکور پر گری جب سپنر ذوالفقار بابر نے ایلویرو پیٹرسن کو آؤٹ کر دیا۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے ایلگر ہیں جنہیں سعید اجمل نے آؤٹ کیا۔ سعید اجمل نے ہی ژاک کیلس کی وکٹ حاصل کی۔
کیلس کے آؤٹ ہونے کے بعد فاسٹ بولر ڈیل سٹین نائٹ واچ مین کے طور پر بیٹنگ کرنے آئے ہیں۔ کپتان گریم سمتھ 67 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
پاکستان کی جانب سے خرم منظور اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن صرف ایک رن کے مجموعی سکور پر خرم منظور بغیر کوئی سکور کیے پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کو دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب 38 رنز کے مجموعی سکور پر اظہر علی 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 52 رنز کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب شان مسعود 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ابتدائی نقصان کے بعد پاکستانی ٹیم سنھبل نہ سکی اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے عمران طاہر نے پانچ ، ڈیل سٹین نے تین اور مورنی مورکل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی سبقت حاصل ہے۔
پاکستان نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی، جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، اور ہاشم آ ملہ اور روبن پیٹرس کی جگہ ڈین ایلگر اور عمران طاہر کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ابوظہبی میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ سات وکٹوں سے جیت لیا تھا۔
جنوبی افریقہ کو دبئی ٹیسٹ میں عالمی نمبر ایک بلے باز ہاشم آملہ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جو بچے کی ولادت کے سلسلے میں وطن واپس چلے گئے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ اس وقت پہلے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔
اس سیریز میں فتح پاکستان کو ٹیسٹ رینکنگ میں دوبارہ چوتھی پوزیشن دلوا سکتی ہے جو زمبابوے سے ٹیسٹ سیریز برابر ہونے کی وجہ سے اس سے چھن گئی تھی۔



