دبئی ٹیسٹ: سرفراز اور اسد شفیق کی عمدہ بیٹنگ، پاکستان کو فتح کے لیے مزید 119 رنز درکار

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سری لنکا کے خلاف دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے ہیں۔
چوتھے دن جب کھیل ختم ہوا تو اسد شفیق 86 اور سرفراز احمد 57 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
ابتدائی نقصان کے بعد دونوں بلے بازوں کے مابین 146 رنز کی شراکت قائم ہوچکی ہے۔
پاکستان کو فتح کے لیے مزید 119 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔
317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے سمیع اسلم اور شان مسعود نے اننگز شروع کی تو اننگز کے پہلے ہی اوور میں امپائر نے شان مسعود کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا مگر ریویو پر یہ فیصلہ تبدیل ہو گیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
تاہم چوتھے اوور میں سمیع اسلم گاماگے کی گیند پر سلپ میں کیچ ہو گئے۔ وہ صرف ایک رن ہی بنا سکے۔ اسی اوور میں وہ دوسری گیند پر بھی کیچ ہوئے تھے تاہم امپائر نے اسے نو بال قرار دیا تھا۔
گاماگے نے اپنے اگلے اوور میں اظہر علی کو ناٹ آؤٹ دیے جانے کے خلاف بھی ریویو لیا تاہم گیند پیڈز پر لگنے سے قبل ان کے بلے سے ٹکراتی دکھائی دی اور یوں سری لنکا کی یہ کوشش ضائع گئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پاکستان کی دوسری وکٹ 36 کے مجموعی سکور پر گری جب اظہر علی 17 رنز بنا کر پردیپ کے گیند پر کوشل سلوا کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ حارث سہیل دس رنز بنا کر دلروان پریرا کا شکار بنے۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ 52 کے سکور پر گری جب شان مسعود دلروان پریرا کی دوسری وکٹ بنے، انھوں نے 21 رنز بنائے۔ اسی اوور میں بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
اس سے قبل کھیل کے چوتھے دن سری لنکن ٹیم پہلے ہی سشین میں اپنی دوسری اننگز میں 96 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پیر کو سری لنکا کی دوسری اننگز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 34 رنز سے دوبارہ شروع ہوئی تو ڈکویلا اور مینڈس نے ٹیم کا سکور بغیر کسی مزید نقصان کے 59 تک پہنچا دیا۔
تاہم اس موقع پر وہاب ریاض نے ڈکویلا کو وکٹوں کے پیچھے کیچ کروا کر پاکستان کو چھٹی کامیابی دلوا دی۔ یہ اس اننگز میں وہاب کی چوتھی وکٹ تھی۔
مجموعی سکور میں ایک رن کے اضافے کے بعد پریرا بغیر کوئی رن بنائے یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
آٹھویں وکٹ کے لیے ہیرتھ اور مینڈس نے مزید 25 رنز بنائے اور اس شراکت کا خاتمہ حارث سہیل نے ہیرتھ کو آؤٹ کر کے کیا۔
96 کے مجموعی سکور پر حارث نے ہی پہلے مینڈس اور پھر فرنینڈو کو آؤٹ کر کے سری لنکن اننگز کا خاتمہ کر دیا۔
پاکستان کے لیے وہاب ریاض چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔ حارث سہیل نے ایک رن دے کر تین وکٹیں لیں جبکہ یاسر شاہ نے دو اور محمد عباس نے ایک وکٹ لی۔

،تصویر کا ذریعہReuters
حارث سہیل کسی بھی ٹیسٹ میچ میں صرف ایک اوور کروا کر تین وکٹیں لینے والے پہلے بولر ہیں۔
خیال رہے کہ سری لنکا نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں 482 رنز بنائے تھے۔ اس اننگز کی خاص بات اوپنر کرونا رتنے کے شاندار 196 رنز تھے۔
اس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی تاہم فالو آن کے باوجود سری لنکا نے پاکستان کو دوبارہ بیٹنگ کروانے کے بجائے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سری لنکا کو اس ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے اور پاکستانی ٹیم متحدہ عرب امارات میں پہلی مرتبہ کسی ٹیسٹ سیریز میں شکست کے خدشے سے دوچار ہے۔












