محمد عامر دوبارہ پنڈلی کی تکلیف میں مبتلا، ایم آر آئی سکین کے لیے ہسپتال منتقل

محدم عامر

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنحالیہ دنوں میں محمد عامر کی بین الاقوامی کرکٹ میں کارکردگی ملی جلی رہی ہے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کو دبئی ٹیسٹ کے دوسرے دن دائیں پنڈلی کی تکلیف دوبارہ ہونے کے بعد ایم آر آئی سکین کے لیے ہسپتال بھیجا گیا ہے۔

دوسرے دن کھیل شروع ہونے سے قبل ٹیم ڈاکٹر اور کوچ نے محمد عامر کو نیٹ میں بولنگ کے بعد کلیئر کردیا تھا لیکن محمد عامر صرف تین اوورز کے بعد میدان چھوڑ کر باہر جانے پر مجبور ہوگئے۔ اس سے قبل پہلے دن بھی محمد عامر کو پنڈلی کی اسی تکلیف کے سبب 16 اوورز کی بولنگ کے بعد میدان سے باہر جانا پڑا تھا اور یاسر شاہ نے ان کا اوور مکمل کیا تھا۔

ٹیم منیجمنٹ اور میڈیکل سٹاف نے پہلے دن محمد عامر کا ایم آر آئی نہیں کروایا تھا اور یہ کہا گیا کہ ان کی انجری کو مانیٹر کیا جارہا ہے لیکن دوسرے دن وہ دوبارہ ان فٹ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔

گذشتہ روز پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود نے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر بی بی سی کو بتایا کہ محمد عامر کی یہ انجری فی الحال زیادہ سنگین نوعیت کی معلوم نہیں ہوتی تاہم میڈیکل سٹاف ان پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

محمد عامر نے سری لنکا کی پہلی اننگز میں ایک وکٹ حاصل کی ہے جو اس سیریز میں ابھی تک ان کی پہلی کامیابی بھی ہے۔ وہ ابوظہبی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے تھے۔

محمد عامرنے انٹرنیشنل کرکٹ میں پانچ سالہ پابندی ختم ہونے پر واپس آنے کے بعد سے 16 ٹیسٹ میچوں میں 44 وکٹیں حاصل کی ہیں تاہم ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگسٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں چھ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی کے بعد سے وہ آٹھ اننگز میں صرف آٹھ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے ہیں۔