دبئی ٹیسٹ کا پہلا دن سری لنکن بیٹسمینوں کے نام

،تصویر کا ذریعہGetty Images
دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے پاکستان کے خلاف تین وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنا لیے ہیں۔
پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر کرونا رتنے 133 اور چندی مل 49 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
سری لنکا کی جانب سے کرونا رتنے نے 14 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی ساتویں سنچری ہے۔
اس ڈے نائٹ میچ میں پاکستان نے کھانے کے وقفے سے پہلے اوپر تلے دو وکٹیں حاصل کیں، لیکن اس کے بعد چندی مل اور کرونا رتنے نے عمدہ شراکت قائم کی۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے دو اور محمد عامر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ابوظہبی ٹیسٹ کی طرح اس میچ میں بھی سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا کی جانب سے کرونا رتنے اور جے سلوا نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 63 رنز کی شراکت قائم کی، جسے یاسر شاہ نے جے سلوا کو سلپ میں وکٹ کیپر سرفراز احمد ہاتھوں کیچ کروا کے ختم کر دیا۔ انھوں نے 27 رنز بنائے تھے۔
سماراوکرما کی وکٹ محمد عامر نے حاصل کی۔ وہ گذشتہ میچ میں کوئی وکٹ لینے میں ناکام رہے تھے۔ اس کے فوراً بعد یاسر شاہ نے مینڈس کو بھی آؤٹ کر دیا۔
اس میچ میں ایک بار پھر پاکستان نے تین فاسٹ بولروں اور ایک سپنر کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاسر شاہ کو خاصی سپن مل رہی ہے جس کی وجہ سے مبصرین نے خیال پیش کیا ہے کہ یاسر شاہ کا بوجھ کم کرنے کے لیے ایک اور سپنر کو شامل کیا جانا چاہیے تھا۔









