دبئی ٹیسٹ: سری لنکا کی نصف ٹیم پویلین میں، مجموعی برتری 254 رنز

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 34 رنز بنائے تھے تاہم اسے مجموعی طور پر 254 رنز کی برتری حاصل ہے۔
دن کے آخری اوور میں وہاب ریاض نے چندی مل کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پاکستان کو پانچویں کامیابی دلائی جبکہ مینڈس آٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے کرونارتنے اور کوشل سلوا نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو محمد عباس نے کوشل سلوا کو تین کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر دیا۔
سری لنکا کی دوسری وکٹ 22 کے مجموعی سکور پر گری جب وہاب ریاض نے کرونارتنے کو سات کے انفردی سکور پر بولڈ کر دیا جبکہ سمراوکرما بھی 13 رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے۔
33 کے مجموعی سکور پر یاسر شاہ نے نائیٹ واچ مین لکمل کو پویلین کی راہ دکھا دی۔
اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
فالو آن کے باوجود سری لنکا نے پاکستان کو دوبارہ بیٹنگ کروانے کے بجائے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین یاسر شاہ تھے جنھوں نے 24 رنز بنائے اور لکمل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 482 رنز بنائے تھے اس طرح اسے پاکستان پر 220 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے ہیراتھ اور دلروان پریرا نے تین، تین جبکہ گامیج اور لکمل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
کھیل کے تیسرے روز شان مسعود اور سمیع اسلم نے پاکستانی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو پاکستان کی پہلی وکٹ 61 کے مجموعی سکور پر گری جب اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے بولر گامیج نے شان مسعود کو 16 کے انفرادی سکور پر بولڈ کر دیا، یہ ان کے ٹیسٹ کیرئر کی پہلی وکٹ تھی۔
اس کے اگلے ہی اوور میں سمیع اسلم بھی 39 کے انفرادی سکور پر دلروان پریرا کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 92 کے مجموعی سکور پر گری جب اسد شفیق 12 رنز بنا کر لکمل کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
بابر اعظم ایک بار پھر ناکام رہے اور آٹھ رنز بنا کر ہیراتھ کی پہلی وکٹ بنے۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ 180 کی سکور پر گری جب ہیراتھ نے اظہر علی کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، انھوں نے چھ چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔
چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سرفراز احمد تھے جو صرف 14 رنز بنا کر دلروان پریرا کی گیند پر مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی ساتویں وکٹ 214 کے مجموعی سکور پر گری جب ہیراتھ نے محمد عامر کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
حارث سہیل دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنا کر دلروان کی تیسری وکٹ بنے جبکہ نویں وکٹ 250 کے مجموعی سکور پر گری جب وہاب ریاض 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اس سے قبل ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 482 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جبکہ یاسر شاہ نے چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
سری لنکا کی اننگز کی خاص بات اوپنر کرونا رتنے کے شاندار 196 رنز تھے۔ انھوں نے 19 چوکے اور ایک چھکا مارا۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ چھ وکٹوں کے ساتھ سب سے کام بولر رہے، محمد عباس دو اور وہاب ریاض اور محمد عامر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ سری لنکا کی پہلی اننگز میں چھ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد یاسر شاہ ٹیسٹ میچ کی تاریخ کے پہلے سپنر بن گئے ہیں جنھوں نے مسلسل پانچ میچوں میں کسی ایک اننگز میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہوں۔
یاسر شاہ ٹیسٹ میچوں کی تاریخ میں یہ سنگِ میل حاصل کرنے والے پہلے سپنر ہیں۔ ان کے علاوہ تین بولرز یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں لیکن وہ تینوں فاسٹ بولرز تھے۔

،تصویر کا ذریعہAFP












